ٹماٹر کے کاشتکار نقصان کا شکار،منڈی میں 3 روپے کلو فروخت پر مجبور

ہفتہ 25 اپریل 2020 15:16

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2020ء) میرپورخاص میں لاک ڈائون کی صورتحال نے ٹماٹر کے کاشتکاروں کو بھی بہت نقصان پہنچایا ہے، صرف چند ہفتوں کے دوران ٹماٹرکی فصل کے نرخ تیزی سے نیچے آئے ہیں جسے اب کوئی کوڑیوں کے دام بھی لینے کو تیار نہیں ہے۔میرپورخاص اور گردونواح میں ٹماٹر کی فصل اب بھی اتر رہی ہے، صرف چند ہفتے قبل 50 روپے فی کلو کے نرخ پر فروخت ہونے والی یہ فصل اب کاشتکار کوڑیوں کے دام فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں ایک کاشتکارنے بتایاکہ ہم ٹماٹر توڑتے ہیں پھر 10 کلو کا شاپنگ بیگ بناتے ہیں اور وہ منڈی میں 30 روپے کا ایک شاپنگ بیگ فروخت ہوتا ہے یعنی ٹماٹر کی ہمارے پاس سے 3 روپے کلو کی فروخت ہے۔کاشتکار نے بتایا کہ اس قیمت میں ٹرانسپورٹ کا خرچہ پھر کمیشن بھی کٹے گا، اس کے علاوہ کاشتکار جو توڑائی کررہا ہے وہ بھی نہیں بچ رہی ہے۔کاشتکاروں کے مطابق ٹماٹر کی فصل مزید 2 ماہ تک چلے گی، تاہم موجودہ صورتحال سے مایوس بہت سے کاشتکاروں نے اپنی فصل پر ہل چلادیا اور کچھ اب بھی اچھے ریٹ ملنے کی امید لگائے ہوئے ہیں۔کاشتکاروں نے کہاکہ موجودہ حالات نے نہ صرف ٹماٹر کی فصل مٹی میں ملادی ہے بلکہ آئندہ سیزن کیلئے دیگر فصلوں کا مستقبل بھی انتہائی غیر یقینی ہوگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں