فصلوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے بچانے کیلئے تحصیل سطح پر انفارمیشن سیل قائم کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 11 جولائی 2020 23:30

میرپورخاص۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2020ء) ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ فصلوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے بچانے اورخریدی جانیوالی مشنری کو مستقل بنیادوں پرعوام کی فلاح وبہبود کیلئے استعمال کیا جائے ،بہتر حکمت عملی اورباہمی تعاون سے ہی اپنے ضلعوں کو نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے دربارہال میں فصلوں کے ٹڈی دل حملوں سے بچانے کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسپرے کی ادویات کے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی جانب سے تحصیل میرپورخاص کیلئے 2ٹینکر جلد خریدے جائیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلقہ سطح پر ایک ایک ٹینکراور اسپرے کی ادویات تیار حالت میں رکھی جائیں ضرورت پڑنے پر ٹینکر کو ٹریکٹر کی مدد سے فصلوں کو ٹڈی دل حملے سے بچانے کیلئے اسپرے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنروں کو مزید ہدایت کی کہ فصلوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے بچانے کیلئے تحصیل سطح پر انفارمیشن سیل قائم کئے جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر سترام داس نے اجلاس کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پرتحصیل سطح پر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ادویات مشنری اور دیگر مطلوبہ سامان سمیت ہر تحصیل میں موجود ہیں جو ضرورت پڑنے پر اپنا کام سرانجام دے رہی ہیں۔

اجلاس میں وفاقی پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے محمد حسین درس نے بتایا کہ ریگستانی علاقوں میں جہاں بھی اسپرے کی ضرورت ہے وہاں ہماری ٹیمیں اسپرے کا کام کررہی ہیں۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ آباد اور ریگستانی علاقوں میں استعمال ہونے والے اسپرے اور ادویات کے نتائج بہتر ہیں اجلاس میں ضلع کے اسسٹنٹ کمشنروں سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں