بلاول نے سندھ کے عوام سے جو وعدے کیے ہیں انہیں خلوص و جذبے کے ساتھ حقیقت کاروپ دیں گے ،وزیراعلیٰ سندھ

صوبے میں خوشحالی لاکر غربت کا خاتمہ کریں گے ، ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے، تھر کے عوام کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے حیسکو حکام سے بات کریں گے،مراد علی شاہ

بدھ 8 مئی 2024 21:10

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میرپورخاص ڈویژن کے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے عوام سے جو وعدے کیے ہیں انہیں خلوص و جذبے کے ساتھ حقیقت کاروپ دیں گے ،ہم پرعزم ہیں اور آپ سب کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ صوبے میں خوشحالی لاکر غربت کا خاتمہ کریں گے ، ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔

اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، جنرل سیکریٹری وقار مہدی، ایم این ایز میر منور تالپور، آفتاب شاہ جیلانی، ایم این ایز پیر امیر علی شاہ، ڈاکٹر مہیش ملانی، ایم پی ایز، بلدیاتی نمائندوں، پارٹی رہنماں اور کارکنوں نے شرکت کی۔تھرپارکر کے کارکنان نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ اس وقت تھر میں کئی آر او پلانٹس غیرفعال ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انہوں نے تھر کے عوام کے وسیع تر مفاد کی خاطر تمام غیر فعال آر او پلانٹس کی مرمت کے لیے ایک جامع اسکیم تیار کرلی ہے۔

کارکنوں نے بتایا کہ حیسکو نے نوکوٹ سے مٹھی تک دیہاتوں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث پانی کی فراہمی کا مسئلہ درپیش آرہا ہے اور یہ مسئلہ مویشیوں کے لیے بھی آن پڑا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر توانائی ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ تھر کے عوام کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے حیسکو حکام سے بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو سستی بجلی فراہم کرنے والے علاقے میں لوڈشیڈنگ کا معاملہ ایک طرح سے ناانصافی ہے۔

تھر ی خواتین کارکنان نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ مٹھی میں ایک ہی گرلز کالج ہے جہاں پورے تھرپارکر ضلع کی لڑکیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور لڑکیاں دور دراز سے اس کالج کا رخ کرتی ہیں اور انہیں واپسی اپنے گھروں کو آنا پڑتا ہے جو کہ ان کے لیے مشکلات پیدا کررہی ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ہاسٹل اسکیم تیار کرنے کے لیے وزیر تعلیم سید سردار شاہ سے بات کریں گے تاکہ طالبات اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

پارٹی کارکنوں نے ایل بی او ڈی کی تکمیل اور از سر نو تعمیر کے خلاف شکایت کی کیونکہ اس سے جھڈو اور سندھڑی کی زمینوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ سندھڑی میں نکاسی آب کے لیے مناسب نظام کی ضرورت ہے تاکہ بارش اور نمکین یعنی استعمال شدہ زرعی پانی کو ٹھکانے لگایا جاسکے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایل بی او ڈی کے مسائل کے حل کے لیے ان کی حکومت کوشاں ہے۔

تھر کے محنت کشوں نے تھرپارک میں مزید چیک ڈیم بنانے کی تجویز بھی دی تاکہ زراعت کے لیے پانی جمع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں بنائے گئے 70 سے زائد چیک ڈیموں کی مدد سے پانی کی قلت کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پایا گیا ہے جس سے پیاز اور دیگر فصلیں پیدا کی جارہی ہیں ۔ یہ ڈیم زرعی سرگرمیوں کا ذریعہ ثابت ہوئے ہیں اور تھر میں خوشحالی لا رہے ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے وزیر آبپاشی کو ہدایت کی کہ وہ اس علاقے کا سروے کرکے بتائیں کہ کہاں کہاں چیک ڈیم تعمیر کیے جاسکتے ہیں۔ میرپورخاص کے پارٹی کارکنان نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ میرپورخاص تا میرواہ سڑک خستہ حال ہے جس کی وجہ سے روزانہ حادثات ہوتے ہیں۔ یہ تقریبا 16 کلومیٹر طویل سڑک ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔

کارکنان نے پانی کے بچائو اور سیم و تھور پر قابو پانے کے لیے جمرا اور مٹھرا کینال کی لائننگ کا بھی مطالبہ کیا۔وزیر اعلی سندھ سے گزارش کی گئی کہ وہ نارا کینال کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے بہا کو بہتر بنانے اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے احکامات جاری کریں تاکہ چھوٹے کاشتکار اپنی زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے پانی حاصل کر سکیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھڑی ڈرینج اسکیم پر کام شروع ہوچکا ہے اور جلد ہی ورلڈ بینک کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔

مراد شاہ نے کہا کہ میرپورخاص کے کارکنان کیمطالبے کے پیش نظر ہسپتال میں ایک نیا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا گیاہے اور ساتھ ساتھ ماہرین بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ مقامی سطح پر ضروری طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔وزیراعلی نے میرپورخاص ڈویژن کے تین اضلاع کے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی پارٹی کارکنوں کو ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے تجاویز طلب کرنے کا پروفارما دے دیا ہے۔

انہوں نے میرپورخاص میں سرکاری اسکول کے قیام کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ عمرکوٹ کے پارٹی کارکنوں نے اپنے ضلعی ہیڈ کوارٹر کے لیے بیوٹیفکیشن پلان کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ مجھے عمرکوٹ کے لیے اپنا بیوٹیفکیشن پیکج تحریری طور پر بھیجیں تاکہ میں اسے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دکھا سکوں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کارکنوں کے مسائل سنے اور انہیں مقامی سطح پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، ایم این ایز میر منور تالپور اور آفتاب شاہ جیلانی نے بھی خطاب کیا۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں