کپاس کی اچھی پیداوار کے حصول کے لئے دیگر عوامل کے ساتھ بہتر مینجمنٹ بھی نہایت ضروری ہے، ڈائریکٹر سی سی آرآئی

پیر 16 مئی 2022 16:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ(سی سی آرآئی) ملتان ڈاکٹرزاہد محمود نے کہا ہے کہ کپاس کی اچھی پیداوار کے حصول کے لئے دیگر عوامل کے ساتھ ساتھ بہتر مینجمنٹ بھی نہایت ضروری ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سی سی آرآئی میں منعقدہ ایک روزہ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی پروگرام میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول کے 12 زرعی افسران نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر سی سی آرآئی نے کہا کہ کپاس کی منافع بخش پیداوار کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تربیتی پروگرام کا مقصد نہ صرف زراعت سے وابستہ صوبائی محکموں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا ہے بلکہ کپاس سے متعلق جدید تحقیقی نتائج کو موثر انداز میں کسانوں تک پہنچانا ہے جس سے کسانوں کو بروقت رہنمائی ملنے سے کپاس کی پیداوار بہتر ہوگی اور ملک میں کپاس کے رقبہ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کپاس کے کاشتکاروں کو ایسی اقسام مہیا کرنا ہے جن کی پیداواری صلاحیت بہتر،ریشہ لمبا اور کن زیادہ ہو اور اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھ کر کپاس کی ایسی اقسام تیار کرنا ہے جو کم پانی اور زیادہ درجہ حرارت میں اچھی پیداوار دے سکیں۔تربیتی پروگرام میں سی سی آر آئی ملتان کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے تربیتی شرکاکو لیکچرز دیئے۔پروگرام کے اختتام پر شرکانے ادارہ ہذا کی مختلف لیباٹریز کا دورہ کیا اور سی سی آر آئی ملتان کے زرعی سائنسدانوں کی کپاس کے میدان میں تحقیق و ترقی میں کارکردگی کو بے حد سراہا۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں