میڈیکل انٹری ٹیسٹ کیلئے زکریا یونیورسٹی میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:20

ملتان۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثرریاض ملک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے زیر اہتمام میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے لئے زکریا یونیورسٹی میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ میڈیکل انٹری ٹیسٹ ٹھیک 8بجے زکریا یونیورسٹی کے 11شعبوں میں بیک وقت شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی پرچہ جات کی ترسیل اور تقسیم کے تمام مراحل ضلعی آفیسران اور پولیس کی نگرانی میں مکمل کئے جائیں گے تاکہ طلباء کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز زکریا یونیورسٹی میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ رجسٹرار یونیورسٹی ڈاکٹر عمر چوہدری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیومحمد نواز، کریم بخش اور ارشد گوپانگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ملتان مدثرریاض ملک نے اس موقع پر امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں اور والدین کے لئے سایہ دار مقامات اور پانی کا انتظام بھی کیا جائے۔

میڈیکل انٹر ی ٹیسٹ میں 11ہزار سے زائد طلباء شرکت کریں گے جن کے لئے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ والدین اور طلباء کی سہولت کے لئے سکیورٹی ،ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کر کے امتحانی مراکز میں میڈیکل کیمپ اور ایمبولینس سروس کا بھی انتظام کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں