پاکستان اور جاپان اپنے دوستانہ تعلقات کی شاندار تاریخ رکھتے ہیں، ڈاکٹر طارق محمود انصاری

جمعرات 25 اپریل 2019 23:12

ملتان ۔25اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری سے یوسوکے شینڈو ڈپٹی چیف مشن/ منسٹر سفارت خانہ جاپان ایمبیسی پاکستان اسلام آباد نے ملاقات کی۔ملاقات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور جاپان اپنے دوستانہ تعلقات کی شاندار تاریخ رکھتے ہیں۔

ان تعلقات کی ہمہ گیریت میں دونوں ممالک کے اعلی تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیز کے مابین علمی روابط کے فروغ کا بنیادی کردار ہے۔ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان جنوبی پنجاب کی نمائندہ جامعہ کی حیثیت رکھتی ہے۔جاپان کے طلباء طالبات اس یونیورسٹی میں حصول تعلیم کو ترجیح دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس طرح یونیورسٹی اساتذہ جاپان کے تعلیمی اداروں میں اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

مستقبل میں ان علمی تعلقات کو باضابطہ او رباقاعدہ بنانے کے لیے تجاویز کو جلد عملی شکل دی جائے گی۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر ڈاکٹر علیم احمد خان نے یونیورسٹی کے حوالے سے مکمل تعارف پیش کیا․ مسٹر یوسو کے شینڈو نے یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہاکہ درس گاہوں کے روابط بڑھنے سے حقیقی مفاہمت کی فضا پیدا ہوتی ہے اور دیرپا دوستی کی بنیادیں فراہم ہوتی ہیں․ انہوں نے کہاکہ ماضی میں اوساکا یونیورسٹی جاپان اور بہاء الدین زکریایونیورسٹی کے شعبہ اردو کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوچکے ہیں․ دونوں یونیوورسٹیوں کے شعبوں کے وفود مطالعاتی دورے کرچکے ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں