ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

منگل 21 مئی 2019 18:07

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 40 واں اجلاس گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر ملتان و چیئرمین ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عامر خٹک نے اجلاس کی صدارت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغا ظہیر عباس شیرازی اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی قاضی منصور،سی ای او میونسپل کارپوریشن اقبال فرید بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ بورڈ ارکان خالد بیگ،ارشد خان،خواجہ انیس،فضل الٰہی ،صاحبزادہ ابراہیم ،فضل عباس شاہ سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں کمپنی کے معاملات چلانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر سٹی قاضی منصور کو منیجنگ ڈائریکٹر کا ایڈیشنل چارج دے دیا گیا جبکہ گزشتہ سالوں کے ساڑھے 3۔ ارب کے آڈٹ پیراز پر مزید کارروائی کیلئے متعلقہ تحقیقاتی محکموں کو ریفرنسز بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے تھرڈ پارٹی کے ذریعے نئے سینٹری ورکرز بھرتی کرنے کی منظوری بھی دے دی جبکہ آپریشنل گاڑیوں کی مرمت اور فیول اخراجات کیلئے نجی فرموں کو بذریعہ ٹینڈرز سسٹم میں شامل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ شہر کی صفائی بہتر کرنے کیلئے تمام سخت اقدامات اٹھائیں گے۔ماضی میں کرپشن کرنے والوں کیخلاف کسی صورت کارروائی نہیں روکی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب سے چند روز میں مستقل منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کردیا جائے گا جس سے کمپنی کے معاملات مزید بہتر انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔

عامر خٹک نے کہا کہ1 ہزار سینٹری ورکرز کی کمی کے باوجود کمپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے تاہم کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کمپنی افسران نے کارکردگی بہتر نہ کی تو سخت احتساب کیلئے تیار رہیں کیونکہ عوامی توقعات کے مطابق شہر کو صاف ستھرا بنانا اولین ترجیح ہے۔عامر خٹک نے مزید کہا کہ اس وقت 13 سو شہریوں پر ایک سینٹری ورکر تعینات ہے جو کہ عالمی معیار کے مطابق بہت کم ہے کمپنی انتظامیہ فوری طور پر عملہ صفائی اور آپریشنل گاڑیوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ٹینڈر عمل کا آغاز کرے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے منیجر آپریشن داؤد مکی نے کہاکہ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں کم عملہ ہونے کے باوجود 70 فی صد صفائی کی جارہی ہے جس کی شرح بڑھانے کیلئے افرادی قوت بڑھانے کی ضرورت ہے۔بعد ازاں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کوڑا کرکٹ اور تعمیراتی میٹریل باہر پھینکنے والوں کیخلاف جرمانے عائد کرنے کیلئے قانون سازی اور اختیارات کی فراہمی کیلئے جامع سمری تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں مختلف مقامی تعطیلات کے دوران ڈیوٹی دینے والے سینٹری ورکرز کو اعزازیہ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں