ملتان یونین آف جرنلسٹس کا صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے الخالق ہسپتال کیساتھ خصوصی رعایتی معاہدہ

اتوار 3 اگست 2025 16:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) صدر ملتان یونین آف جرنلسٹس انجم خان پتافی نے کہا ہے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایم یو جے نے الخالق ہسپتال کے ساتھ خصوصی رعایتی معاہدہ کیا ہے،صحافیوں کی فلاح و بہبود ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہی ہے، یہ معاہدہ اسی ویژن کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت ایم یو جے کے اراکین اور ان کی فیملیز رعایتی کارڈ کے ذریعے الخالق ہسپتال سے 25 سے 50 فیصد تک خصوصی رعایت پر طبی سہولیات حاصل کر سکیں گے،یہ رعایت ایڈمیشن، آپریشنز، او پی ڈی، لیبارٹری ٹیسٹس، ایکسرے سمیت دیگر اہم طبی سہولیات پر دستیاب ہوگی۔

رعایتی کارڈز کے حصول کا باضابطہ طریقہ کار جلد جاری کر دیا جائے گا تاکہ تمام ممبران بآسانی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

صدر ایم یو جے انجم خان پتافی نے مزید کہا ہے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہی ہے، الخالق ہسپتال کے ساتھ یہ معاہدہ اسی ویژن کا تسلسل ہے کہ ہم اپنے ممبران کو عملی سہولیات فراہم کریں اورصرف وعدوں تک محدود نہ رہیں ۔

جنرل سیکرٹری ایم یو جے قمر جہاں نے کہا ہے کہ ہم صحافیوں کے حقوق اور ان کی زندگیوں میں بہتری کے لیے سنجیدہ اور موثر اقدامات کر رہے ہیں،نجی ہسپتال کے ساتھ معائدے کا مقصد صحافیوں کے مالی بوجھ میں کمی اور معیاری علاج تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے، ہم الخالق ہسپتال کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے اس مقصد میں ساتھ دیا۔ چیئرمین الخالق ہسپتال میاں اعزاز الحق نے کہا ہے کہ صحافی برادری معاشرے کی آنکھ اور آواز ہے، ان کی خدمات کا اعتراف ہمارا فرض ہے،ہم ملتان یونین آف جرنلسٹس کے ساتھ مل کر ان کے اراکین اور اہل خانہ کو بہتر اور سستی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں