بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں داخلوں کا عمل جاری

اتوار 3 اگست 2025 15:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں داخلوں کا عمل جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اب تک مختلف شعبہ جات میں 13 ہزار سے زائد داخلہ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں سے 4 ہزار سے زائد امیدواروں کے داخلے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید داخلے مرحلہ وار جاری ہیں ۔ پروفیسر ڈاکٹر طاہر محمود کے مطابق داخلے تین مراحل میں دیے جا رہے ہیں، جن میں سے تیسرا مرحلہ جلد اوپن کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض ڈیپارٹمنٹس میں تمام سیٹیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ دیگر شعبہ جات میں داخلوں کا عمل بدستور جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی جنوبی پنجاب کی ایک قدیم، معتبر اور معروف تعلیمی درسگاہ ہے جہاں فیسیں کم، سہولیات معیاری اور فیکلٹی نہایت تجربہ کار ہے یہی وجہ ہے کہ ہر سال ہزاروں طلبہ اس ادارے کو ترجیح دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر جاری ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یونیورسٹی میں داخلے کم ہورہے ہیں ۔ ترجمان نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹی، من گھڑت اور غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور صرف یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ یا مجاز ذرائع سے معلومات حاصل کریں ۔ انتظامیہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سال بھی داخلوں کا مقررہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا جائے گا جو طلبہ اور والدین کے اعتماد کا مظہر ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں