سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کو حراست میں لے لیا گیا

پی ٹی آئی رہنماء 5 اگست کے احتجاج کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی میں شریک تھے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 اگست 2025 18:18

سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کو حراست میں لے لیا گیا
مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2025ء ) تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عبدالقیوم نیازی کو 5 اگست کے احتجاج کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی کے دوران بھمبر کے علاقے سماہنی سے پولیس نے حراست میں لیا کیوں کہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کے نو مئی کے کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے جس کی وجہ سے سردار عبدالقیوم نیازی کو سماہنی میں جنڈی چونترہ کے مقام سے حراست میں لیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالقیوم نیازی پر 11 سے زائد مقدمات درج ہیں اور انہیں میرپور منتقل کیا جا رہا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر رہے، ان کا تعلق ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور کے سیکٹر بٹل کے گاؤں ڈیرا شیر خان سے ہے جہاں ماضی میں بھارت کی جانب سے شدید گولہ باری ہوتی رہی ہے تاہم ان کا خاندان اسلام آباد میں مقیم ہے، سردار عبدالقیوم کا نیازی خاندان سے کوئی تعلق نہیں وہ تخلص کے طور پر نیازی لکھتے ہیں، ان کا تعلق پونچھ کے دولی خاندان سے ہے جو مغل کی ذیلی شاخ ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی ضلع کونسل کے رکن رہنے کے علاوہ مسلم کانفرنس کی حکومت میں 2006 سے 2008 تک وزیر خوراک اور بعد ازاں 2010 سے 2011 تک سردار عتیق احمد خان کی دوسری کابینہ میں وزیر جنگلات بھی رہ چکے ہیں، جموں و کشمیر کی سب سے پرانی سیاسی جماعت مسلم کانفرنس سے سیاست کا آغاز کرنے والے ریاستی وزیر رہنے والے سردار عبدالقیوم نیازی نے 2016ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔                                       

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں