کوہسار یونیورسٹی مری میں تین روزہ وائس چانسلر کانفرنس 29ستمبر سے شروع ہو گی

پیر 26 ستمبر 2022 14:03

مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2022ء) کوہسار یونیورسٹی مری میں تین روزہ وائس چانسلر کانفرنس 29ستمبر سے شروع ہو گی جس میں پنجاب کی50 کے قریب جامعات کے وائس چانسلرز شرکت کریں گے،چانسلر وگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کانفرنس کا افتتاح کریں گے،صوبائی وزیر، اعلی تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد،چیئرمین پی ایچ ای سی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور اداروں کے سربراہان بھی کانفرنس میں شرکت کرینگے۔

گورننس اور فنانس کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا اور ان شعبہ جات کو مضبوط کرنا بھی اس کانفرنس کا ایک اہم نقطہ ہے، اس کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات کی کردار سازی کے حوالے سے منشیات کے تدارک اور سدباب کے لئیے سیشنز بھی منعقد ہوں گے،وومن ایمپاورمنٹ کے حوالے سے طالبات کی تعلیم تک رسائی اور ان کے چیلنجز بارے گفتگو ہو گی، عصر حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلیاں خصوصا موجودہ سیلاب اور اس کے بعد کی صورتحال علاوہ ازیں فوڈ سیکیورٹی یا صحت کے مسائل بارے سائنس کو پاپولرائز کرنا تا کہ اس کیلیے متحرک اور ہنر مند یوتھ کو تیار کیا جا سکے کانفرنس کا ایک اہم مقصد ہے۔

(جاری ہے)

آئی ٹی،ٹیکنالوجی،صنعت،زراعت معیشت،لائیو سٹاک جنگلات، اور حالیہ سیلاب کے موضوعات پر جامع گفتگو اور ٹھوس اقدامات تجویز کئیے جائیں گے،تمام شعبہ ہائے زندگی کو ایڈریس کرنے والی اپنی نوع کی اس بہت اہم اور شاندار کانفرنس کے انتظامات تکمیل کے قریب ہیں اس سلسلہ میں وائس چانسلر کوہسار یونیورسٹی مری پروفیسر ڈاکٹر سید حبیب علی بخاری اور رجسٹرار ڈاکٹر محسن اقبال اتوار کو بھی ایڈمن بلاک میں موجود رہے جبکہ تمام سٹاف انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ اس اہم ترین کانفرنس کے جملہ انتظام میں مصروف ہے،وائس چانسلر کانفرنس میں چانسلر وگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن اور اعلیٰ تعلیم سے تعلق رکھنے والے تمام بڑے دماغوں کی ایک جگہ موجودگی نتیجہ خیز اور دور رس نتائج کی حامل ہو گی واضح رہے کہ اس کانفرنس کی میزبانی کوہسار یونیورسٹی کے پاس ہے جبکہ اس کے ساتھ یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور بھی شامل ہے، کانفرنس کے انعقادکا مقصد یونیورسٹیز کے اشتراک سے تمام تر مسائل کا حل نکالنا ہے جس میں یونیورسٹیز کے ورکنگ گروپ بنا کر اس مقصد کے حصول کیلیے جامع کوششیں کی جائیں گی۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں