امریکی قونصلیٹ لاہور کے تعاون سے کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس میں انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کردیا گیا

پاکستانی بچوں کے بہترین مستقبل کیلئے جوکرسکے کریں گے، پاکستانی طلبا کو تعلیم کے میدان میں ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، کارل راجر

بدھ 15 مارچ 2023 23:07

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2023ء) امریکی قونصلیٹ لاہور کے تعاون سے کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس میں انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کردیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک افیرز کارل راجر نے کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی میں انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے اس پروگرام کا آغاز کیاہے، انگلش ورکس پروگرام کامسیٹس یونیورسٹی اور امریکی قونصلیٹ کی مشترکہ کاوش سے کامیابی سے ہمکنار ہورہا ہے اب تک تقریبا 5ہزار طلبا و طالبات انگلش کورس سے مستفید ہوچکے ہیں۔

کارل راجر نے کہا کہ ہم پاکستانی بچوں کے بہترین مستقبل کے لئے جو بھی کوشش کرسکے ضرور کریں گے امریکہ پاکستانی طلبا کو تعلیم کے میدان میں ترقی کرتے دیکھنا چاہتاہے کارل راجر نے کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت ،پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر نازیہ سلیمان، کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پروگرام کو شروع کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

کارل راجر نے طلباء کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کامسیٹس وہاڑی کیمپس ڈاکٹرسلیم فاروق شوکت نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ جنوبی پنجاب میں یہ واحد یونیورسٹی ہے جہاں امریکی قونصلیٹ کے تعاون سے انگلش کورس کروایا جارہا ہے اور انتہائی قابل اور تجربہ کار اساتذہ طلبا و طالبات کو اس کورس میں انگلش سکھانے میں مصروف ہیں انہوں نے بتایا کہ اس کورس میں حصہ لینے کیلئے پندرہ سو طلبا و طالبات نے اپلائی کیا تھا ان میں سے پچیس طلباء کا میرٹ پر انتخاب کیا گیا ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہترین اساتذہ کی مدد سے دنیا کی مشکل سے مشکل زبان کو بھی سیکھا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد اقبال، جمال غضنفر، ڈاکٹر علی احمد، ڈاکٹر ابرار حسین شاہ کے علاوہ یونیورسٹی کے دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔تقریب میں انگلش کورس کے طلبا نے خوبصورتی کیساتھ مہمانوں کو ویلکم کیا اس موقع پر طلبا نے بہت خوبصورت انداز میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے کلچر اور روایتی ڈانس بھی پیش کیا جس کو قونصلیٹ جنرل اور حاضرین خوب محظوظ ہوتے رہے اور تالیاں بجاکر پسندیدگی کااظہار کرتے رہے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں