شہدائے زلزلہ کی برسی کو عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کا فیصلہ

شہدائے زلزلہ8اکتوبر2005کی برسی کے انتظامات کے حوالے سے سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی شاہد محی الدین قادری کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے

بدھ 19 ستمبر 2018 15:18

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) شہدائے زلزلہ8اکتوبر2005کی برسی کے انتظامات کے حوالے سے سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی شاہد محی الدین قادری کی زیر صدارت اجلاس ۔شہدائے زلزلہ کی برسی کو عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کا فیصلہ۔ اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس خالد محمود مرزا ، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری امتیاز، ڈی آئی جی پولیس سردار الیاس، ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمان، ایس ایس پی راجہ اکمل خان ،ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے راجہ محمد سجاد خان، سعیدقریشی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اکتوبر کے مہینے کے پہلے ہفتہ کو ’’قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے آگاہی‘‘ کے طورپر منایا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس ہفتہ کے دوران تعلیمی اداروں میں طلباء طالبات کو فرسٹ ایڈ ٹریننگز اور آگاہی فراہم کی جائیگی اور اس حوالے سے خصوی تقریری مقابلے بھی کروائے جائیں گے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ 6اکتوبر کو آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا جائیگا اور اس سلسلہ میںاپر اڈہ سے سی ایم ایچ چوک تک واک کا انعقاد کیا جائیگا جس میں سول سوسائٹی سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد شریک ہونگے۔

یوم شہدائے زلزلہ کی یاد میں7 اکتوبر کو ’’کینڈل لائیٹ‘‘ کا بھی اہتمام کیا جائیگا اور ملٹی میڈیا سکرینوں پر اس حوالہ سے خصوصی ڈاکو منٹریز چلائی جائیں گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 8اکتوبر یوم شہدائے زلزلہ کی برسی کی مرکزی تقریب یونیورسٹی گرائونڈ مظفرآباد میں منعقد ہوگی جس میں وزیر اعظم آزادکشمیر ، وزراء کرام، سیکرٹریز حکومت اور سربراہان محکمہ جات سمیت کثیر تعداد میں شہری شریک ہونگے ۔

اس موقع پر سائرن بجائے جائیں گے اور شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی ۔ یوم شہدائے زلزلہ کے حوالے سے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنر ز صاحبان پروگرام کا انعقاد کرینگے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی شاہد محی الدین قادری نے کہا کہ 8اکتوبر2005کا دن ایک بہت بڑا سانحہ تھا جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ہمیں ایک نئی امید کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا اور قدرتی آفات سے نمٹنے اور نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ جن ممالک نے اس سانحہ میں ہماری مدد کی ان کی خدمات کویادرکھا جائیگا اور 8اکتوبر کے دن ان ممالک کے پرچم شہر کی مرکزی جگہوں پر لہرائے جائیں گے تاکہ ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصان کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں جس کیلئے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عوام کو بھرپو ر آگاہی فراہم کررہی ہے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں