ریاست بھر سمیت ڈویژن مظفرآباد میں وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا سلسلہ دن بھر جاری

بارش سے ندی نالوں اور دریاے نیلم و جہلم میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) ریاست بھر سمیت ڈویژن مظفرآباد میں وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، شدید بارش سے ندی نالوں اور دریاے نیلم و جہلم میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق دارالحکومت سے ایبٹ آباد کو ملانے والی مرکزی شاہراہ لوہار گلی کے مقام سے بند جبکہ اٹھمقام سے شاردہ جانیوالی مرکزی شاہراہ دوسٹ کے مقام سے بند ہو گئی جسے رات گئے محکمہ شاہرات نے کھول دیا۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر نے بارشوں سے نقصانات کی تفصیل جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آزاد کشمیر میں لینڈسلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی و دیگر حادثات میں مجموعی طور پر 20 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، ایس ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 13 مرد 5 خواتین اور دو بچے شامل ہیں، ایس ڈی ایم اے کے مطابق حادثات میں 9 جاں بحق افراد کا تعلق مظفرآباد 8 کا ضلع نیلم سے ہے،حادثات میں 34 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، ایس ڈی ایم اے نے بتایاکہ مختلف حادثات میں 20 رہائشی گھر مکمل 79 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 3 دوکانیں، لکڑی کے پل، ایک سکول کو نقصان پہنچا جبکہ 2 مویشی باڑے بھی تباہ ہوئے ہیں، ایس ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے اس لیے ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بلند ہوگی۔ انہوںنے ہدایت کی کہ شہری دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ بارشوں کے دوران شاہراوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بدستور موجود ہے،بارشوں کے دوران سیاح غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔

دوسری جانب چوکی پولیس کوہالہ کے قریب پہاڑ سے ایک بھاری پتھر گرا ہے جسکی وجہ سے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو چکی ہے،بھاری پتھر کو بغیر بلاسٹنگ کے ہٹانا مشکل ہے، بلاسٹنگ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وادی لیپہ کے علاقہ غائپورہ شرقی میں 9 مکانات اور ایک دکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنیکی اطلاعات ہیں،وادی لیپہ متاثر نو خاندان لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں