مظفرآباد ،ضلعی انتظامیہ کی کمزور گرفت،ایوارڈ یافتہ رقبہ جات سمیت خالصہ سرکار پر قبضوں کا تسلسل بدستور جاری

منگل 23 اپریل 2024 14:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) ضلعی انتظامیہ کی کمزور گرفت یا مبینہ ملی بھگت۔ شہر اقتدار میں سرکاری اراضیات، شاملات دیہ،ایوارڈ یافتہ رقبہ جات سمیت خالصہ سرکار پر قبضوں کا تسلسل بدستور جاری۔ نالہ گوجرہ کو لینڈ مافیا، قبضہ مافیا اور ان کے سہولت کاروں نے ایک بار پھر نشانے پر رکھ لیا۔ حساس ترین قلعہ گوجرہ کی ناک تلے نالہ گوجرہ میں بے ہنگم تعمیرات سمیت مٹی ملبہ عمارتی مٹیریل ڈال کر قبضے جاری۔

سڑک کنارے سرعام قبضہ مافیا کی جانب سے کباڑ خانہ قائم کرنے کی آڑ میں قبضہ پر متعلقہ اداروں کی چشم پوشی اور خاموشی نے ہزاروں سوال کھڑے کر دیے۔ سیاسی سماجی مذہبی تجارتی عوامی حلقوں کی طرف سے شدید اعتراضات فوری کاروائی کرتے ہوئے نالہ گوجرہ کو قبضہ و لینڈ مافیا سمیت تجاوزات مافیا سے واگزار کرانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شر اقتدار مظفرآباد میں لینڈ مافیا، قبضہ مافیا، تجاوزات مافیا نے محکمہ مال محکمہ شاہرات اور ضلعی انتظامیہ سے مبینہ ملی بھگت کرتے ہوئے سرکاری اراضیات ایوارڈ یافتہ رقبہ جات، خالصہ سرکار و دیگر پر مافیا کو قبضہ تجاوزات تعمیرات کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

اسی تسلسل میں نالہ گوجرہ کو اس مافیا نے اپنے نشانے پر رکھا ہوا ہے۔ مصروف ترین شاہراہ گوجرہ کے کناروں پر مٹی ملبہ ڈال کر راتوں رات قبضوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ قلعہ گوجرہ کی ناک تلے نالہ گوجرہ کے کناروں پر بے ہنگم غیر قانونی تعمیرات ملبہ مٹی ڈال کر کباڑ خانوں کی آڑ میں ڈھیر لگا کر قبضوں کا سلسلہ اور پھر اس پر متعلقہ اداروں کی خاموشی نے عوام الناس کو سیخ پا کر کے رکھ چھوڑا ہے۔

عوامی حلقوں نے متعلقہ ارباب اختیار سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ گوجرہ کے کناروں پر مٹی ملبہ عمارتی مٹیریل ڈال کر سرعام قبضہ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔ اسی طرح نالہ گوجرہ میں غیر قانونی تعمیرات پر بھی پابندی عائد ہونے کے باوجود ہونے والی تعمیرات کو فل فور مسمار کیا جائے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں