آزادکشمیر حکومت نے تین دہائیوں بعد بلدیاتی اداروں کو فنڈزفراہم کر دئیے ہیں، فیصل ممتاز راٹھور

منگل 23 اپریل 2024 21:58

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر نے تین دہائیوں بعد بلدیاتی اداروں کو فنڈزفراہم کر دیے ہیں۔ان خیالات کا اظہاروزیر بلدیات فیصل ممتاز راٹھور نے منگل کو اپنے آفس چیمبر میں دارالحکومت کے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی سید شاہد محی الدین قادری، سیکرٹری اطلاعات و جنگلات انصر یعقوب خان اور ناظم تعلقات عامہ راجہ شاہد حسین بھی اس موقع پر موجودتھے۔ فیصل ممتاز نے کہا کہ چوہدری انوارالحق کی سربراہی میں اتحادی حکومت نے پہلے مرحلے میں بلدیاتی اداروں کو 411ملین روپے فراہم کیے ہیں جو کہ دیہی بلدیاتی ادارہ جات میں ہر یونین کونسل اور شہری بلدیاتی اداروں کو فی وارڈدس10 لاکھ روپے بذریعہ کارپوریشنز اور ضلع کونسلزدیے جارہے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی بلدیاتی اداروں کو 411 ملین کے فنڈزبذریعہ یوسی چیئرمین اور دیگر بلدیاتی نمائندوں کے دیے جائیں گے جس سے بلدیاتی نمائندوں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوگا اور تعمیر وترقی کا سفر بھی تیز ہوگا۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے ، اس سلسلہ میں بلدیاتی نمائندگان کو ٹریننگ کورسز بھی کروائیں گے تاکہ وہ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اپنے وسائل پیدا کر سکیں۔ وزیر بلدیات نے کہاکہ آزادکشمیر میں ایک سال قبل جب اتحادی حکومت قائم ہوئی تو بہت سے مسائل کا سامنا تھا ، وزیراعظم چوہدری انوارلحق نے محنت اور لگن سے اس وقت رکے ہوئے فنڈز واگزار کروائے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے جاندار اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہاکہ سترسالوں کے مسائل ایک سال میں حل ہونا ممکن نہیں تاہم اعتماد ہے کہ حکومت درست سمت چل رہی ہے۔ کمی کوتاہی ہم میں بھی ہوگی تاہم ہماری خواہش ہے اور بھرپور کوشش ہے کہ سسٹم کو درست کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی سکیم کی مالیت کم از کم ایک لاکھ روپے مقرر کی جائے گی جس کی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے فزیکل مانیٹرنگ کر کے کام مکمل ہونے کے بعد رقم دی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شہری بلدیاتی ادارہ جات میونسپل کاریشنز، میونسپل کمیٹیزاور ٹاون کمیٹیز کو فی وارڈ 10 لاکھ روپے بطورگرانٹ ان ایڈ دیے جارہے ہیں جبکہ دیہی کونسل ہا ضلع کونسلز اور یونین کونسلز کو فی یونین کونسل 10 لاکھ روپے بطور گرانٹ ان ایڈ دیے جارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں فنڈز ریلیز کرنے کے بعد دوسرے مرحلے کے فنڈز بھی ریلیز کر دیے جائیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی شاہد محی الدین قادری نے کہاکہ بلدیاتی اداروں کو لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی کے ترقیاتی پروگرام 2023۔24 کی مد بلاک پرویژن فار نیو انیشیٹوسے فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قانون ساز اسمبلی کے بعد صرف بلدیاتی اداروں کو ٹیکس لگانے کا اختیار ہے، بلدیاتی نمائندگان کی ٹریننگ کا اہتمام کیاجارہا ہے جبکہ انکو مزید بااختیار بنانے کے حوالے سے بھی کام کررہے ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں