مہاجرین کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،چوہدری لطیف اکبر

تحریک آزادء کشمیر ہم سب کی ترجیح اول ہے۔ کشمیری عوام نے آزادی کیلئے لازوال جدوجہد کی ہے،سپیکر قانون ساز اسمبلی

بدھ 24 اپریل 2024 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے مہاجرین 1989 کی ورکنگ کمیٹی کی ملاقات۔ مہاجرین کو درپیش مسائل آبادکاری کیلئے اسمبلی سے قانون سازی، اسمبلی نشستوں کو مختص کئے جانے اور دیگر مشکلات کے ازالے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق مہاجرین جموں کشمیر 1989 کی ورکنگ کمیٹی کے ممبران نے امیر مہاجرین عزیر احمد غزالی کی قیادت میں سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے ملاقات کی۔

مہاجرین وفد میں چوہدری محمد مشتاق، حامد جمیل کشمیری، مشتاق الاسلام، اقبال یاسین اعوان، محمد ارشاد بٹ، چوہدری فیروز دین، غلام حسن بٹ، محمد اقبال میر، منظور اقبال بٹ، عثمان علی ہاشم، میر محمد اسلم شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

سپیکر قانون ساز اسمبلی کو مہاجرین وفد نے بتایا کہ پینتیس برس گزرنے کے باوجود کشمیری مہاجرین کے 8232 خاندان انہتائی ناگفتہ بہ حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

جن میں سے تقریباً 4500 خاندانوں کو ایک گز زمین بھی رہائش کیلئے میسر نہیں اور جن مہاجرین کو مختلف مہاجرین بستیوں میں رکھا گیا ہے انکو بھی تین یا چار مرلے جگہ پر رکھا گیا ہے۔ مہاجرین وفد نے بتایا کہ محکمہ بحالیات نے مہاجرین کو جس طرح 1990 میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے بستیوں میں رہائش پذیر کیا وہی غلطی 2024 میں دہرائی جا رہی ہے وفد نے بتایا کے نام نہاد آباد کاری منصوبے کے تحت مہاجرین کو دور دراز پہاڑی علاقے میں چار چار مرلے زمین پر آباد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مہاجرین وفد نے بتایا کہ مہاجرین 1989 اب کسی ایسے ناقص منصوبے کو تسلیم نہیں کریں گے جس سے انکے مستقبل کو خطرات لاحق ہو جائیں۔ مہاجرین وفد نے سپیکر قانون ساز اسمبلی سے اپیل کی کہ اسمبلی میں مہاجرین 1989 کو نمائندگی دینے کے لیئے جموں اور ویلی کی ایک ایک نشست دینے، آبادکاری کے منصوبے کے لیئے سالانہ بجٹ کو مختص کرنے، مہاجرین کو ڈومیسائل اور حقوق ملکیت دیئے جانے کیلئے کردار ادا کریں۔

سپیکر قانون ساز اسمبلی نے مہاجرین وفد کو یقین دلایا کے تحریک آزادء کشمیر ہم سب کی ترجیح اول ہے۔ کشمیری عوام نے آزادی کیلئے لازوال جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا ہیکہ مہاجرین کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ مہاجرین کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں