ذوالفقارعلی بھٹو برج نلوچھی پر نصب لاکھوں روپے کی تزین و آرائشِ (لائیٹنگ) ناکارہ ہو کر رہ گئی

بدھ 24 اپریل 2024 15:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) ترقیاتی ادارہ کی غفلت چشم پوشی یا نااہلی۔ ذوالفقار علی بھٹو برج نلوچھی پر نصب لاکھوں روپے کی تزین و آرائشِ (لائیٹنگ) ناکارہ ہو کر رہ گئی۔ سونے پر سہاگہ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے برج کے درمیان لگی آہنی سیڑھیاں بھی زنگ آلود ہونے لگیں۔معاشرتی جرائم کا شکار عناصر نے آہنی سیڑھیوں کو مسکن بنا لیا، ہر آنے جانے والی بنت حوا پر آوازے کسے جانے لگے۔

لوگ شدید مشتعل، متعلقہ حکام اور ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہدائے زلزلہ 2005 کے صدقے شہر اقتدار مظفرآباد کی خوبصورتی میں اضافہ اور ٹریفک اژدہام کو کنٹرول کرنے کے لیے کروڑوں روپے مالیت سے تعمیر کیے جانے والا نلوچھی برج متعلقہ اداروں کی غفلت لاپرواہی کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہر سال اس برج کی تزین و آرائش پر لاکھوں روپے کے اخراجات کرنے کے باوجود لگائی جانے والی ناقص تزین و آرائش کی لائٹنگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر رہ گئی ہے جبکہ صفائی ستھرائی اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے برج فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو کر رہ گیاہے۔

سونے پر سہاگہ برج کے درمیان میں عوام علاقہ کی سہولت کے لیے بنائی جانے والی آہنی سیڑھیاں جرائم پیشہ عناصر کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن گئی ہیں۔ان سیڑھیوں پر دن بھر آوارہ منشیات نوش و فروش، چور اچکے اور دیگر جرائم پیشہ عناصر براجمان رہتے ہیں۔ علاقے میں ہونے والی متعدد چوریوں کے لیے بھی یہی راستہ استعمال کیا جاتا ہے۔ آئے روز غیر ریاستی پٹھان اور دیگر پھیری لگانے والے بھی انہی سیڑھیوں کو استعمال کرتے ہیں۔

گزشتہ روز افغانی پٹھانوں کے بچوں نے ایک گھر میں سے چوری کی مالکان پہنچے تو وہ بھاگ کر ان سیڑھیوں کے راستے فرار ہو گئے۔ جس کی اطلاع تھانہ صدر کو بھی دے دی گئی۔ سیاسی سماجی مذہبی تجارتی عوامی حلقوں سمیت سول سوسائٹی نے ذوالفقار علی بھٹو شہید برج کی تزین و آرائش سمیت صفائی ستھرائی اور برج کی سیکیورٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ برج کے دونوں اطراف پولیس چوکیاں تو قائم کر دی گئی ہیں مگر ان چوکیوں پر تعینات عملہ صرف موبائل استعمال کرنے میں مگن رہتا ہے یا پھر موسم کی مناسبت سے دھوپ سینکتے، ہوا لگاتے دکھائی دیتے ہیں۔

سول سوسائٹی نے کہا ہے کہ دونوں چوکیوں پر تعینات عملے کو گشت کے احکامات صادر کیے جائیں جو لگاتار برج پر گشت کرتے رہیں تاکہ آہنی سیڑھیوں پر براجمان جرائم پیشہ افراد پر خصوصی نظر رکھنے کے علاوہ آئے روز ہونے والی وارداتوں کے بعد اس راستے کو استعمال کر کے فرار ہونے والوں کو پکڑا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پل کی تزین و آرائش کے لیے نامی گرامی کمپنیوں سے روابط کیے جائیں تاکہ شہر اقتدار میں داخل ہوتے ہی اس پل پر سے گزرنے والے سیاح اچھا محسوس کریں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں