مظفرآباد، شہر اقتدار میں بڑھتی ہوئی موٹر سائیکل چوریوںسے شہری پریشان

چوری ہونے والے موٹر سائیکلوں کو کھول کر آٹوز کی دکانوں،کبارخانوں پر فروخت کرنے کا انکشاف

بدھ 24 اپریل 2024 15:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) شہر اقتدار میں بڑھتی ہوئی موٹر سائیکل چوریوں کی وارداتوں کو پکڑنے کے لیے عوامی حلقوں نے آٹوز پر کھلے موٹرسائیکلوں کے فریم و دیگر سیکنڈ ہینڈ پرزہ جات کی چیکنگ کا مطالبہ کر دیا۔ شہر بھر میں آئے روز چوری ہونے والے موٹر سائیکلوں کو کھول کر آٹوز کی دکانوں،کبارخانوں پر فروخت کرنے کا انکشاف۔

گلی محلوں میں بھی کمرے کرائے پر لے کر سیکنڈ ہینڈ موٹر سائیکل کے قیمتی پرزاہ جات، گاڑیوں کے سپیئر پارٹس اور گھریلو فرنیچر و دیگر سامان فروخت کرنے والوں کی بھرمار ہو چکی ہے۔اس کاروبار سے منسلک افراد بارے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی خاموشی چشم پوشی نے عوامی حلقوں کے اندر ہزاروں سوال کھڑے کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس لائن کہ عقب میں کباڑ کی دکان اور گوجرہ بائی پاس سمیت شوکت لائن جانے والی شاہرہ پر کباڑ کی دکانوں کے علاوہ سیٹھی باغ، سنڈھ گلی، اپر و لوئر پلیٹ اور طارق آباد کے مقامات پر بھی کباڑ کی دکانوں میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کے استعمال شدہ سپیئر پارٹس کے علاوہ گھریلو اشیاء کی خرید و فروخت دھڑلے سے جاری ہے جبکہ درجنوں آٹوز کی دکانوں پر بھی موٹر سائیکلوں کے سپیئر پارٹس جن میں سوائے فریم کے ہر چیز کھلے عام دستیاب ہے مگر ان دکانداروں کے پاس ان چیزوں کی فروخت، لانے لے جانے کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہوتا۔

شہریوں اور متاثرہ افراد نے انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ چاروں تھانوں کی حدود میں قائم کباڑ خانوں اور آٹوز شاپ کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے اور ان کے پاس موجود موٹر سائیکلز اور ان کے سپیئرز پارٹس کی تفصیلات معلوم کی جائیں تو ہوش ربا انکشافات ہو سکتے ہیں اور کئی ایک غریب بے بس لاچار شہریوں کے چوری ہونے والے موٹر سائیکل برآمد کیے جا سکتے ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں