کشمیر والی بال سپر لیگ کا رنگا رنگ میلہ اختتام پذیر ہو گیا

منگل 25 جولائی 2023 22:19

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2023ء) کشمیر والی بال سپر لیگ کا رنگا رنگ میلہ اختتام پذیر ہو گیا۔جلال آباد سپورٹس کمپلیکس مظفرآباد میں کشمیر والی بال سپر لیگ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سول و عسکری حکام اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جلال آباد سپورٹس کمپلیکس میں کے وی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے آزادکشمیر کے پوٹینشل پر خصوصی ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔ کشمیری کلچر و ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے اختتامی تقریب میں ویڈیوز دکھائی گئیں۔ تقریب میں بچوں نے اپنی پرفارمنس سے ناظرین کو محظوظ کیا۔ تقریب میں کشمیری لوک گیت پر آرمی پبلک سکول کے بچوں کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے شوٹ اور سمیشن کی ونر اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیز، میڈلز اور سرٹیفکیٹس دیے۔ کشمیر والی بال سپر لیگ کو شائقین کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔ کشمیر والی بال سپرلیگ آزاد کشمیر کی تاریخ میں خطہ کے معروف کھیل کا سب سے بڑا ایونٹ تھا جو کہ تین مرحلوں پر مشتمل تھا۔

گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کی کشمیر والی بال سپر لیگ میں نمائندگی یقینی بنائی گئی۔کشمیر والی بال سپر لیگ یونین کونسل سے تحصیل، ڈسٹرکٹ اور ڈویژن لیول تک پہنچا۔کشمیر والی بال سپرلیگ میں سمیش اور شوٹ کے علیحدہ علیحدہ میچز ہوئے۔ ایونٹ میں سو فیصد لوکل ٹیلنٹ کو صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا گیا۔ ایونٹ کے آخری مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی نمائندگی مظفرآباد بہادرز، مظفرآبادجانباز اور مظفرآباد شوٹرز نے کی۔

پونچھ ڈویژن کی نمائندگی پونچھ پنجال، پونچھ آزاد اور پونچھ شوٹرز نے کی۔ میرپور ڈویژن کی نمائندگی میرپور بادشاہ، شیر میرپور اور میرپور شوٹرز نے کی۔شوٹ کا فائنل میرپور شوٹرز اور مظفرآباد شوٹرز کے مابین ہوا۔شوٹ کا فائنل میرپور شوٹرز نے جیتا۔سمیش میں پونچھ آزاداور پونچھ پنجالز مدمقابل تھیں۔سمیش کا فائنل پونچھ پنجالز نے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ایونٹ کے آخری مرحلے کے میچز آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس میں کھیلے گئے۔چھترکلاس میں شائقین کی بڑی تعداد نے کشمیر والی بال سپر لیگ کے میچز دیکھے۔ایونٹ کے میچز سوشل میڈیا پر براہ راست دکھائے گئے۔دنیا بھر کے ناظرین نے فائنل میچز قومی سپورٹس ٹی وی چینل پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست دیکھے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں