مظفرگڑھ کے سینئر صحافی مہر اشفاق سیال قاتلانہ حملے میں جاں بحق، مقدمہ درج ، قاتلوں کی تلاش جاری

بدھ 15 مئی 2024 19:39

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) مظفرگڑھ کے سینئر صحافی مہر اشفاق سیال قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے ۔پولیس ترجمان کے مطابق صحافی مہر اشفاق سیال کو تھرمل بائی پاس کے نزدیک نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا جن کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔

پولیس ترجمان کے مطابق صحافی کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ، اشفاق سیال کو اپنے گھر سے پریس کلب آتے ہوئے فائر مارے گئے۔پولیس تھانہ سٹی مظفرگڑھ نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ صحافی مہر اشفاق حسین سیال کے قتل کے واقعہ پر ڈی پی او سید حسنین حیدر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مہر اشفاق حسین کے قتل پر انتہائی دکھ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ظالم قاتلوں کو ٹریس کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ایس ڈی پی او سٹی، ایس ایچ او،ز سٹی و صدر اور سی آئی سٹاف نے ٹیکنیکل ٹیمز کے ہمراہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے، بہت جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ملزمان کو عدالت سے سخت سے سخت سزا دلوائی جائےگی۔ضلع بھر کی صحافتی تنظیموں نے صحافی مہر اشفاق حسین سیال کے بہیمانہ قتل پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے شہید صحافی کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوگ کی اس گھڑی میں مظفرگڑھ کی تمام صحافی برادری ان کے ساتھ ہے۔

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں