سانگلہ ہل پیارے نبی کریم نے والدین کی خدمت کرنے والوں کو جنت کی بشارت دی ہے، ڈاکٹرسید محمد اظفارحیدر

پیر 11 مارچ 2024 16:22

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) سجادہ نشین رباط المدر مرکز مکان شریف 119بھلیر ڈاکٹر سید محمد اظفار حیدر مکان شریفی نے کہا ہے کہ والدین دنیا کی وہ عظیم نعمت ہے جس کا اس دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں،والدین کی موجودگی میں ہمیشہ خدا کی رحمتیں اور برکتیں برستی رہتی ہیں، والدین سے محبت کرنا عظیم عبادت ہے جو لوگ والدین کی خدمت کرتے ہیں وہ دنیا و آخرت میں نجات حاصل کر لیتے ہیں، والدین کا سایہ اٹھ جانا بہت بڑا سانحہ ہے جن کے والدین اس دنیا میں نہیں ہیں ان سے محبت اور شفقت کی محرومی کا اندازہ کیا جا سکتا ہے،وہ چک نمبر43شناور ٹاؤن میں امن اتحاد کمیٹی پنجاب کے صدر ڈاکٹر قمر عباس کے والدین کے سالانہ ختم پاک کی محفل میں خطاب کر رہے تھے،اس موقعہ پرمفتی محمد اظہار القیوم صدیقی،قاری محمد افضال رضوی اور سرفراز چاند نے بھی خطاب کیا،محفل میں امن اتحاد کمیٹی کے ضلعی صدر چوہدری محبوب احمد نمبردار،حاجی محمد قیصر،ڈاکٹر محمد عباس لاثانی،محمد شہباز مرزاسمیت معززین حلقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ڈاکٹر سید محمد اظفار حیدر نے مزیدکہا کہ دین اسلام نے والدین کی خدمت کرنے پر بہت زور دیا ہے، جب والدین بوڑھے ہو جائیں تو انکی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہئے، پیارے نبی کریم نے والدین کی خدمت کرنے والوں کو جنت کی بشارت دی ہے، ماں وہ جنت کا پھول ہیں جس کی خوشبو اس دنیا میں بھی محسوس کی جاسکتی ہے، اچھی اولاد اپنے والدین کی بہتر تربیت کا آئینہ دار ہوتی ہیں،ہر ذی شعور نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے، فرمانبردار اولاد والدین کے اس دنیا سے رخصت ہونے بعد بھی ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے محافل کا انعقاد کرتی ہیں، ان محافل کے انعقاد سے والدین کی ٹھنڈی چھاؤں کا لطف اٹھا جا سکتا ہے۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں