دہشت گردی پاکستان کیلئے زہر قاتل ہے، دہشت گردی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، صاحبزادہ حافظ فاران سہیل

عوام شرپسندوں پر نظر رکھیں اور ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ان کالی بھیڑوں کو جو سیاست کا لبادہ اوڑھے پاکستان کو نقصان پہنچارہے ہیں

اتوار 12 مئی 2024 13:20

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر ننکانہ صاحبزادہ حافظ فاران سہیل نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان کیلئے زہر قاتل ہے، دہشت گردی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں مسلسل پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں پر حملے کررہی ہیں جن کو ناکام بناکر پاک فوج نے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کسی بھی طرح کی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا اور پاک فوج ہر طرح کی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 9مئی کا سانحہ ہو یا بلوچستان ، کے پی کے سمیت دیگر صوبوں میں دہشتگردانہ کارروائیاں ہوں فوج ہی ہراول دستے کا کردار ادا کرتی ہے اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرتی ہے کیونکہ پاکستان کے عوام ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ اگر پاکستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت یا منفی پروپیگنڈے کے ذریعے اداروں پر کردار کشی کی مہم چلائی گئی تو پاکستان کے 24کروڑ عوام مسلح افواج کے ساتھ مل کر اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوام شرپسندوں پر نظر رکھیں اور ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ان کالی بھیڑوں کو جو سیاست کا لبادہ اوڑھے پاکستان کو نقصان پہنچارہے ہیں انہیں بے نقاب کریں۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں