پانامہ کیس کی سماعت مکمل ہو چکی ہے‘ محمد نواز شریف کیس میں سرخرو ہو کر عوام کی خدمت کا ایجنڈا تیزی سے جاری رکھیں گے

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا تقریب سے خطاب

جمعہ 24 فروری 2017 18:37

پانامہ کیس کی سماعت مکمل ہو چکی ہے‘ محمد نواز شریف کیس میں سرخرو ہو کر عوام کی خدمت کا ایجنڈا تیزی سے جاری رکھیں گے
ننکانہ صاحب ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کی سماعت مکمل ہو چکی ہے اور محمد نواز شریف اس کیس میں سرخرو ہو کر عوام کی خدمت کا ایجنڈا تیزی سے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد کے نواحی قصبہ میلی برجی میں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پاکستان کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو شاید ہی آپ کو محمد نواز شریف جیسا وژن والا محب وطن اور مخلص سیاسی لیڈر نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود محمد نواز شریف اور ان کی ٹیم نے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ابھی حال ہی میں امریکن اخبار واشگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے خطرات کے باوجود زبردست معاشی ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کی زبردست معاشی ترقی اور استحکام کی گواہی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے حوالہ سے حکومت کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوئیں اور آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ تازہ لہر دشمن کی جانب سے پاکستان کی اس معاشی ترقی کو ڈی ریل کرنے کی ناکام کوشش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور شرپسندوں کی باقیات کا چن چن کر صفایا کیا جائے گا اور اس ضمن میں عوام اور حکومت یکجان ہو کر دشمن کو ناکام بنا رہے ہیں۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت کے باعث ملک نازک حالات سے نکل چکا ہے، آج پاکستان نازک حالات سے نکل کر معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے جیسے اتحاد و اتفاق اور سیاسی استحکام کی بدولت ترقی کے دشمنوں اور شرپسند عناصر کے مذموم مقاصد ناکام بنانا ہے اس کیلئے پاکستان کی سیاسی قیادت کو مل کر باقی ماندہ چیلنجز پر قابو پانا ہو گا اور ہر سطح پر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہو گا تاکہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے پوری یکسوئی کے ساتھ اندرون ملک اور سرحدوں پر چھپے دشمنوں کا قلع قمع کر سکیں۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں