نصیر آباد،ہماری سیاست کا محور عوام کی بلاامتیاز خدمت کرنا ہے، میر سکندر خان

منگل 17 ستمبر 2019 21:54

نصیر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میر سکندر خان عمرانی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے روشن بلوچستان ترقیاتی ویژن اور منشور کو عملی جامہ پہناتے ہوئے قلیل مدت میں عوامی فلاح و بہبوداور اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے سینکڑوں اہم منصوبوں کا آغاز کردیا ہے، موجودہ حکومت ایک عوامی حکومت ہے جس نے عوامی خدمت کا وژن لے کر صوبے کی ترقی خوشحالی اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں، صوبے میں ترقی کاپہیہ چل چکا ہے ، نئے مالی سال کے پہلے ہی چند ماہ میں ترقیاتی کام شروع ہوچکا ہے۔

یہ بات انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

میر سکندر خان عمرانی نے کہا ہے کہ آج کا بلوچستان ماضی کے مقابلے میں بہت بدل چکا ہے اور یہ بات طے ہے کہ پاکستان کی ترقی کے تمام راستے بلوچستان سے گزرتے ہیں، بہتر وسیع المدتی منصوبہ بندی کی بدولت بلوچستان پاکستان کے معاشی و اقتصادی استحکام میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے معاشی و اقتصادی استحکام کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے نہ صرف عام آدمی کی زندگی میں ترقی و خوشحالی آئیگی بلکہ سیکورٹی کی صورتحال مزید بہتر ہوگی ۔ موجودہ صوبائی حکومت نے ماضی کی بے سود پریکٹس روک کر صورتحال کا اداراک کرتے ہوئے بہتر طرز حکمرانی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نصیرآباد کی ترقی کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے جارہے ہیں، پختہ سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، اسکولوں کی اپ گریڈیشن، نئے اسکولوں کی بلڈنگ کی تعمیر، حلقے کے عوام کو روزگار فراہم کرنا، زرعی شعبے کو فروغ دینا سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ہماری سیاست کا محور عوام کی بلاامتیاز خدمت کرنا ہے، ہر دکھ درد میں عوام کے ساتھ ہیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، عوام کی بھاری مینڈیٹ کی بدولت اسمبلی میں بیٹھے ہیں۔

نصیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں