غیر سنجیدہ اور نااہل حکمرانوں نے تعمیرات کے نام پر صوبہ کو کھنڈرات بنا دیا،سکندرحیات شیرپائو

18,18گھنٹے بلاجواز لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، صوبہ اور عوام محرومی اور بے یقینی کا شکار ہیں،صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:16

غیر سنجیدہ اور نااہل حکمرانوں نے تعمیرات کے نام پر صوبہ کو کھنڈرات بنا دیا،سکندرحیات  شیرپائو
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر تاریخی کامیابی حاصل کرکے صوبے اور عوام کو درپیش بحرانوں پر قابو پانے کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے گی ۔انھوں نے پی ٹی آئی کی سابقہ صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غیر سنجیدہ اور نااہل حکمرانوں نے تعمیرات کے نام پر صوبہ کو کھنڈرات بنا دیا۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے باشعور عوام ان کھوکھلے نعرے لگانے والوں کے اصل چہرے پہچان چکے ہیں اور وہ آنے والے انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے ان کو بری مسترد کردیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے چترال کورونہ ضلع چارسدہ میں انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ عوام آنے والے انتخابات میں ترقی پسند اور مخلص امیدواروں کا چنائو کرکے صوبہ کی تعمیر و ترقی، پختونوں کی خوشحالی اورامن و امان کے قیام کیلئے راہ ہموار کریں گے ۔

انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پختونوں کے حقوق و تحفظ،امن اور صوبے میں تبدیلی کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والوں نے صوبے اور پختونوں کو محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا۔انھوں نے کہا کہ بجلی صوبے کی پیداوار ہونے کے باوجود عوام اس سے محروم ہیں اور ان پر 18,18گھنٹے بلاجواز لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے وہ شدید بے چینی کا شکار ہیں۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی عوام کو تمام سطحوں پر ریلیف دینے سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کرے گی جن میں تعلیم اور صحت سرفہرست ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کو مزید کھوکھلی تبدیلی کے نام پر گمراہ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ سابقہ حکمرانوں نے گزشتہ پانچ سالوں میں امن کے قیام اور پختونوں کی بہتری کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جس کی وجہ سے صوبہ اور عوام محرومی اور بے یقینی کا شکار ہیں۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے ضلعی عہدیداروں اور پارٹی امیدواروں نے بھی خطاب کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں