گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

میاں نوازشریف کوکل استعفیٰ کے حوالے سے آگاہ کیا تھا،بہت نازک حالات میں ذمہ داری سنبھالی تھی 97 فیصد آئی ڈی پیز واپس جا چکے ہیں۔ 77 نئے پرائمری اسکول کھولے اور 8 ہزار اساتذہ کی تربیت کی گئی، قبائلی علاقوں میں بچوں کو فنی تعلیم دی گئی اور اساتذہ کی 18 ہزار نئی آسامیاں بھی پیدا کی گئیں،گورنرخیبرپختونخوا

جمعہ 17 اگست 2018 21:46

گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔گورنر ہاوس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا تھا کہ اپنے قائد نواز شریف کو کل استعفے بارے آگاہ کر دیا تھا ،ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل اے آر ڈی کا سیکرٹری جنرل رہا۔ اور اے آر ڈی نے جمہوری نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اقبال ظفر جھگڑا کا کہناتھا اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر دی ہے اور استعفیٰ منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھیج دیا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ نازک حالات میں عہدہ سنبھالا تھا اورقبائلی علاقوں میں ملٹری آپریشنز کا سلسلہ 70 فیصد مکمل ہو چکا تھا۔گورنر کا کہنا تھا تحریک انصاف نے ملک اور خصوصا خیبر پختونخوا میں بڑی کامیابی حاصل کی، اس لیے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں ، ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے قبائلی علاقوں میں امن قائم ہوا، بے گھر افراد کی واپسی اور بحالی سب سے بڑا چیلنج تھا، اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا تھا کہ 97 فیصد آئی ڈی پیز واپس جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

77 نئے پرائمری اسکول کھولے اور 8 ہزار اساتذہ کی تربیت کی گئی، قبائلی علاقوں میں بچوں کو فنی تعلیم دی گئی اور اساتذہ کی 18 ہزار نئی آسامیاں بھی پیدا کی گئی۔جبکہ قبائلی اضلاع میں شاہراہ کی تعمیر نو یقینی بنائی گئی، قبائلی علاقوں میں7 نئے اسٹیڈیم اور گراونڈ بنائے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا تھا شاہ فرمان کی جانب سے گورنر ہاوس میں نہ رہنا ناممکن بات ہے

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں