حج وقربانی سے ایثار و قربانی اور صبر و استقامت کا سبق ملتاہے،عنایت اللہ

منگل 21 اگست 2018 18:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) ممبر صوبائی اسمبلی و سابق سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے پوری قوم کو عید الاضحی اور حجاج کرام کو حج کی سعادت حاصل کر نے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ حج اور قربانی سنت ابراہیمی ؐہے جس سے ہمیں اللہ تعالیٰ کے راستے میں ایثار و قربانی اور صبر و استقامت کا سبق ملتاہے ۔ انہوں نے عید کی خوشیوں میں غریبوں ، مسکینوں ، بیوائوں اور محروم پسے ہوئے طبقہ کو شریک کرنے پر زور دیا اور کہاکہ ہمیں اپنی ہر خوشی کے موقع پر حاجت مندوں کا خصوصی خیال رکھناچاہیے ۔

اپنے مبارکبادکے پیغام میں عنایت اللہ خان نے کہا کہ عید قربان میں رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ ایک بندہ مومن اپنے خالق و مالک کی رضا کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے کمربستہ ہو جاتاہے ۔

(جاری ہے)

اللہ کی رضا اور خوشنودی ہی در اصل انسان کی متاع ہے اور یہی دنیا و آخرت میں اس کے لیے عزت و وقار کی ضامن ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا پیارا وطن پاکستان بھی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے جس کے حصول کے لیے مسلمانان برصغیر نے لاکھوں جانیں نچھاور کیں ۔

کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ کلمہ طیبہ کے آفاقی نظریہ پر بننے والی اس مملکت خدا داد میں ستر سال سے ایک دن کے لیے بھی قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہوسکا بلکہ آج تو حکمرانوں کی طرف سے اسے سیکولر اور لبرل ملک بنانے کے نعرے اور دعوے بھی بڑی ڈھٹائی سے کیے جارہے ہے ۔انہوںنے کہاکہ پوری قوم کو عیدالاضحٰی اور حج کی سعادت کی مبارکباد دیتا ہوں ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں