پشاور،فقیر آباد پولیس کی پنجاب پولیس کے ہمراہ کارروائی، راولپنڈی سے اغوا ہونے والی دو لڑکیاں برآمد

بدھ 21 اگست 2019 20:20

پشاور۔21اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) پشاورپولیس نے پنجاب پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران راولپنڈی سے شادی کی غرض سے اغوا ہونے والی دو لڑکیوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا، دونوں لڑکیاں آپس میں سہیلیاں تھیں جن کو اس ماہ کے اوائل میں راولپنڈی سے اغوا کیا گیاتھا،دونوں لڑکیوں کو مقامی عدالت کے حکم پر اپنے والدین کے حوالے کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

نیاز ولی ولد کابل خان سکنہ ثمر زار کالونی اڈیالہ نے تھانہ صدر راولپنڈی کو رپورٹ کی تھی کہ اس کی بیٹی مسما(ز)بی بی دختر نیاز ولی اور مسما(م)بی بی دختر نعیم خان جو آپس میں سہیلیاں ہیں گھر سے آئس کریم کھانے کے لئے نکلیں تھیں جو واپس نہیں آئیں ، اس ضمن میں فقیر آباد پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دونوں لڑکیوں کو ملزمان اول خان ولد یار محمد سکنہ باجوڑ حال وزیر کالونی اور ذیشان ولد نامعلوم سکنہ کراچی نے علاقہ تھانہ فقیر آباد کی حدود میں ایک گھر میں رکھا ہے، گزشتہ روزایس ایچ او تھانہ فقیر آباد وارث خان نے پنجاب پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران دونوں لڑکیوں کو بحفاظت بازیاب کراکے مقامی عدالت محمد عادل جے ایم آئی سی پشاور کے روبرو پیش کر دیا جس کے حکم پر دونوں لڑکیوں کو اپنے والدین کے حوالے کر دیا گیا، ملزمان پولیس کی آمد سے قبل ہی فرار ہو چکے تھے جن کی گرفتاری کی خاطر ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد وارث خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں