ڈیرہ اسماعیل خان میںکورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اقدامات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

اتوار 29 مارچ 2020 22:25

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2020ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کے دفتر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اقدامات سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر سمیت سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمیریز خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) واحد محمود، ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت، انچارج آپریشنل روم ڈی سی آفس انور شیرانی نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اقدامات پر تفصیلی غورو خوص کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر دفتر میں قائم آپریشنل روم اور ریپڈ رسپانس ٹیمیں انتہائی تندہی سے فرائض کی بجا آوری میں کوشاں ہیں اور جہاں کہیں بھی کورونا کے مشتبہ فرد یا کورونا کی علامات کی ساتھ موجود فرد کی نشاندہی کی جا رہی ہے اس پر ریپڈ رسپانس ٹیمیں فوری ایکشن لیتے ہیں اور اسی ضرورت کے پیش نظر ریپڈ رسپانس ٹیموں کی استعداد کار کو بھی بڑھائے جانے کے ساتھ ساتھ انکی ٹریننگ کے عمل پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سٹیشن کمانڈر بریگیڈیر شمیریز خان نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ریپڈ رسپانس ٹیموں کے ذریعے سرویلنس کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) واحد محمود نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق عوام میں اعتماد بڑھایا جائے کیونکہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ عوام کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی لہٰذا لوگوں کو چاہئے کہ گھروں تک محدود رہیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ کورونا سے ممکنہ انسانی جانوں کے نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے اس وقت سب سے زیادہ ضروری امر فرد کا محتاط اور ذمہ دارانہ برتا ہے جو قومیں مشکل حالا ت میں صبر کے ساتھ تنظیم اور اتحاد کا مظاہرہ کرتی ہیں وہی کامیابی سے ہمکنار ہو پاتی ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں