عوامی نیشنل پارٹی صوبائی و ضلعی وسائل پر مقامی عوام کے حق کی جنگ لڑ رہی ہے، میاں افتخارحسین

2021ء میں بھی دیربالا کے کئی علاقوں میں سکولز اور کالج موجود ہی نہیں، سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں عوامی نیشنل پارٹی نے جو سڑک ایک ارب 16کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی تھی، اسکے بعد کوئی روڈ نہیں بنا

اتوار 24 اکتوبر 2021 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی صوبائی و ضلعی وسائل پر مقامی عوام کے حق کی جنگ لڑ رہی ہے، 2021ء میں بھی دیربالا کے کئی علاقوں میں سکولز موجود ہی نہیں، سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی نے جو سڑک ایک ارب 16کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی تھی، اسکے بعد کوئی روڈ نہیں بنا۔

تحصیل کلکوٹ تل کمراٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ عوام پوچھنا چاہتے ہیں کہ آٹھ سال سے برسراقتدار حکومت کیا کررہی ہیں دیر بالا کے مقامی افراد کو اپنی ریت پر بھی اختیار نہیں دیا جارہا، جنگلات پر بھی عوام اپنے حق سے محروم ہیں۔سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے،دیربالا میں سیاحت کے بہترین مراکز بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی خودمختاری کے بعد ضلعی خودمختاری کے ذریعے ضلعی وسائل پر اسی ضلع کے عوام کا حق ہوگا۔اپنے وسائل پر اختیار حاصل کرنا ہے تو عوامی نیشنل پارٹی کا ساتھ دینا ہوگا، دیر میں جو وسائل ہیں ان پر مقامی عوام کو حق دلائیں گے۔عوام کو مہنگائی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کا ساتھ دینا ہوگا، بروز پیر تمام تحصیلوں میں احتجاج ہوں گے۔ اے این پی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے مزید کہا کہ 10نومبر کو عظیم الشان جلسہ عام پشاور میں ہوگا جس میں عوام کو کثیر تعداد میں شرکت کی دعوت دیں گے۔

موجودہ مہنگائی آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ساتھ ناروا اور ناجائز معاہدوں کی وجہ سے ہے۔نااہل حکمرانوں کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے، عوام کو اب نکلنا ہوگا۔دیربالا کے عوام کو اپنے نمائندے سوچ سمجھ کر منتخب کرنے ہوں گے، اے این پی انکی جنگ ہر صورت لڑے گی۔ اس موقع پر ضلعی صدر راجا امیرزمان، جنرل سیکرٹری افتخاراحمد، سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی گل شیر خان، کمیٹی اراکین متوکل خان، ملک واصل خان بھی موجود تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں