خیبرپختونخواہ حکومت کا بی آر ٹی پشاور کا کرایہ بڑھانے کا فیصلہ

صوبائی حکومت کو کرایے میں اضافے کے ذریعے خسارے میں ایک سال میں 50 فیصد کم ہونے کی امید

muhammad ali محمد علی جمعہ 26 اپریل 2024 19:30

خیبرپختونخواہ حکومت کا بی آر ٹی پشاور کا کرایہ بڑھانے کا فیصلہ
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2024ء) خیبرپختونخواہ حکومت کا بی آر ٹی پشاور کا کرایہ بڑھانے کا فیصلہ، صوبائی حکومت کو کرایے میں اضافے کے ذریعے خسارے میں ایک سال میں 50 فیصد کم ہونے کی امید۔ تفصیلات کے مطابق بی آر ٹی پشاور شدید مالی بحران کا شکار ، بی آر ٹی کا مالی خسارہ 5 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ،خسارے پر قابو پانے کیلئے بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

محکمہ خزانہ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی 9 کے دوران بی آر ٹی کا خسارہ 4 ارب روپے ہوگیا ہے ۔ مالی خسارہ کو کم کرنے کے لئے کرایہ میں 5 سے 10 روپے فی سٹاپ اضافہ کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ صوبائی حکومت کے مطابق اگلے مالی سال کے دوران کرایہ میں اضافہ کرکے خسارہ دو سے ڈھائی ارب روپے تک لایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

خسارہ کو پوراکرنے کے لیے بی آرٹی کو ماہانہ 40کروڑ روپے دئیے جارہے ہیں ۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اخراجات پر دوارب روپے کٹ اورکرایوں میں اضافہ کی تجویزہے ۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم کے مطابق بی آرٹی خسارے کو کم کرنے کے لیے 5سے10روپے تک کرایوں میں اضافہ ضروری ہے ۔ کرایوں میں اضافہ کے منظوری کے بعد بی آرٹی چلانے میں آسانی ہوگی ۔ آئندہ مالی سال کے لئے بی آرٹی کو تین ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی ۔ واضح رہے کہ بی آر ٹی پشاور شہریوں میں مقبول ہونے کے باوجود حکومت منصوبے کا خسارہ کم نہیں کر پا رہی۔

ایک رپورٹ کے مطابق بی آر ٹی پشاور کے تمام مین اور فیڈر روٹس کے بسوں پر یومیہ 3 لاکھ سے زائد مسافر سفر کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت کے ذرائع کے مطابق منصوبے میں شامل پلازوں کی تکمیل کے بعد بھی آمدن میں اضافے اور خسارے میں کمی ہونے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ پشاور بی آر ٹی خیبرپختونخواہ کا پہلا جدید ماس ٹرانزٹ منصوبہ ہے، جو اب تک کئی بین الاقوامی ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں