ضلعی انتظامیہ کی کھلی کچہری میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت

ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا،عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ

منگل 23 اکتوبر 2018 21:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) ضلعی انتظامیہ نیمنگل کو پشاور کے علاقے شاہین مسلم ٹائون میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا تھا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو نصیر خان، ڈبلیو ایس ایس پی کے زونل منیجر طارق عزیز، تحصیلدار پشاور مجاہد خان،محکمہ صحت کے افسران، ایس ایچ او پھندو عرفان خان سمیت عوامی نمائندگان اور عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

شاہین مسلم ٹائون ون دسپنسری میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے اخبارات اور علاقوں میں اعلانات کر وائے گئے تھے ۔ اس موقع پر لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا ۔

(جاری ہے)

اکثریت نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو شاہین مسلم ٹائون ون میں صفائی کی صورتحال کے بارے میں بتایا اور اس میں مزید بہتری کی درخواست کی۔

عوام نے شکایت کی کہ ڈبلیو ایس ایس پی کا عملہ صبح سے دوپہر تک صفائی کر تا ہے اور شام کے بعد گلیوں میں کوڑا کرکٹ پڑا رہتا ہے جس کی وجہ سے عوام کی تکلیف کا سامنا ہے۔ انھوں نے درخواست کی کہ شام کو بھی صفائی سمیت سرکاری چھٹیوں کے دنوں میں بھی صفائی کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ شاہین مسلم ٹائون کے وارڈ بارہ میں ٹیوب ویل نہیں ہے اور وہ وارڈ گیارہ کے ٹیوب ویل کا پانی استعمال کر رہے ہیں اس لیے وارڈ بارہ میں بھی ٹیوب ویل لگایا جائے ۔

کھلی کچہری میں شکایت کی گئی کہ گلیوں میں دکانداروں نے دکانوں سے باہر سامان رکھا ہوتا ہے جس کہ وجہ سے پیدل چلنے والوں کو سخت تکلیف کا سامنا ہے اس لیے تجاوزات مافیا کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔علاقہ مشران نے کھلی کچہری میں درخواست کی کہ پولیس سٹیشن پھندو کا نام تبدیل کرکے شاہین مسلم ٹائون پولیس سٹیشن رکھا جائے۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر پشاور سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے مو قع پر ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔انھوں نے شاہین مسلم ٹائون کے رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کر تے ہوئے اپنے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں تا کہ خسرہ جیسے موذی مرض کا خاتمہ کیا جا سکے انھوں نے والدین پر زور دیا کہ اپنے بچوں کو ساری عمر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائیں اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ ان موقع پر لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں