ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ نے ضلع کونسل میں اپنی 10ماہ کی کارکردگی پیش کردی

منگل 20 نومبر 2018 22:12

پشاور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) ڈسٹرکٹ کونسل کوہاٹ کا اجلاس منگل کوکونسل ہال میں کنوینر حاجی عبدالرشید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) واحد محمود نے پولیس کارکردگی پیش کرنے کے علاوہ کونسل میںمفاد عامہ کی کئی قراردادیں بھی متفقہ طور پرمنظور کی گئیں۔اجلاس کی کارروائی میں ضلع ناظم کوہاٹ محمد نسیم آفریدی،اپوزیشن لیڈر الحامد اور دیگر ممبران نے حصہ لیا۔

ڈی پی او نے کوہاٹ پولیس کی گزشتہ 10ماہ کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کونسل کو بتایاکہ اس مدت میں پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب یہ 5سال پہلے والا کوہاٹ نہیں بلکہ ایک پرامن ضلع بن چکاہے جبکہ نیشنل ایکشن پلان اور انسپکٹر جنرل پولیس کی ہدایات کی روشنی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کریک ڈاؤن جاری ہے اور10ماہ کے دوران سینکڑوں اشتہاریوں اور سہولت کاروں کے علاوہ 4ہزار سے زیادہ مشتبہ افرادبھی گرفتار کرلئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح عوام اور پولیس کے مابین فاصلے کم کرنے اور عوامی مسائل ومشکلات کے ازالے کے لئے پولیس کو نچلی سطح تک کھلی کچہریوں کے ذریعے رابطے قائم کرنے کا ٹاسک دے دیاگیاہے۔ان کا کہناتھاکہ ڈی پی اوسال میں 2مرتبہ اپنی کارکردگی ضلع کونسل میں پیش کرنے کا پابند ہے تاہم کونسل کی خواہش پر وہ اپنی کارکردگی 2سے زیادہ مرتبہ بھی شیئر کرسکتے ہیں۔

ضلع ناظم، نائب ناظم اور دیگر ممبران نے موجودہ ڈی پی او کی کارکردگی پر دلی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کونسل کی جانب سے انہیںہرممکن تعاون کایقین دلایا۔اجلاس میں کوہاٹ میں نئے لگائے گئے لوڈ ان لوڈ ٹیکس،سبزی منڈی کامعاملہ، آسیہ مسیح ،سپورٹس فنڈز اور محکمہ سوشل ویلفیئرکی جانب سے سلائی مشینوں اور دیگر آلات کی خریداری کے لئے کئے گئے ٹینڈر پر بھی سیر حاصل بحث کی گئی اور متعلقہ اداروں کواس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کی گئیں

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں