ھ*سانحہ نیوزی لینڈ ، پشاور پریس کلب کے سامنے پی ٹی آئی لیبر ونگ کے کارکنوں کا احتجاج

مظاہرین نے نیوزی لینڈ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ہاتھوں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر شدید نعرے لکھے ہوئے تھے

اتوار 17 مارچ 2019 21:50

۵پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ کی جانب سے پشاور پریس کلب کے سامنے سانحہ نیوزرلینڈ مساجد پر حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پی ٹی آئی لیبرونگ ڈسٹرکٹ صدر ارباب اشفاق، ریجن جنرل سیکرٹری عبدالواحد فاروقی، انفارمیشن سیکرٹری طیب جان، نائب صدر امجد خان حجت، لیبر یوتھ ونگ ڈسٹرکٹ صدر زبیر قریشی ، ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبر رحمن افضل و دیگر کارکنان کے علاوہ ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، مظاہرین نے نیوزی لینڈ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ہاتھوں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر شدید نعرے لکھے ہوئے تھے مظاہرین سے ارباب اشفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ نیوزی لینڈ عالم اسلام پر حملہ و کھلی دہشت گردی ہے مظلوم مسلمانوں پر ظلم و تشدد اور انکا قتل عام مغرب کا من پسند کھیل بنتا جا رہا ہے نیوزی لینڈ کی مساجد میں بے دردی سے مسلمانوں پر حملہ و ان کے قتل عام سے پوری انسانیت لرز اٹھی ہے مغرب کا مسلمانوں کے خلاف جنون بڑھتا جا رہا ہے جو کہ مسلم و اسلام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے ڈسٹرکٹ کونسل ممبر رحمن افضل نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کی سازشیں بڑھتی چلی جارہی ہے آئے روز مسلمانوں کے خلاف عرصہ حیات تنگ کیا جا رہاہے اور یہ سب عالمی سازشوں کا حصہ ہے ایسے حالات میں مسلمانوں کا باہمی اتفاق و اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے سانحہ نیوزی لینڈ پر تاحال او آئی سی اور اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ ہے مسلمانوں کے خلاف ان واقعات کو ہر فورم پر اٹھایا جائے اور ان کے تحفظ کی جنگ لڑنا تمام مسلم ممالک کے سربراہان ،او آئی سی اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مسجد کے واقعے کے بعد پوری دنیا میں مسلمان خود کو اپنی عبادت گاہوں میں بھی غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں مگر الحمد للہ پھربھی مسلمانوں کا ایمان مضبوط ہے اور ایسے اوچھے ہتھکنڈے انہیں اپنے دین سے کبھی دور نہیں کرسکتے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں