ڈی آئی خان پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں کی مشقیں

جمعہ 13 دسمبر 2019 21:58

پشاور۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان واحد محمود کی خصوصی ہدایت پر جوانوں کی پیشہ وارانہ استعدادی صلاحیتوں کو بڑھانے اور کسی بھی ہنگامی صورت میں عوام کی جان و مال اور سرکاری و نجی املاک کا تحفظ یقینی بنانے کی خاطر پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے مشقوں میں حصہ لیا۔ اس سلسلہ میں ڈیرہ اسماعیل خان کی چشمہ شوگر ملزون میں دہشتگردانہ حملے کو بھرپور دفاعی انداز میں ناکام بنانے کی فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے اور یرغمالیوں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ فرضی مشق کے دوران پولیس جوانوں نے مزاحمت کاروں کے خلاف طاقت کے استعمال اور ان کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کے ساتھ مزاحمت کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امدا د فراہم کرنے اور مزاحمت کاروں کے حملہ سے خود کو محفوظ رکھنے کی ڈرل دہرائی اور مختلف فارمیشنز کا عملی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

چشمہ شوگر ملزون میں منعقدہ فرضی مشق کے موقع پر پولیس جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا تھا اور مقامی آبادی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے قریب سے گزرنے والی انڈس ہائی وے پر مسافر و مال بردار گاڑیوں کی حفاظت کے لیے بھی مناسب اقدامات اٹھائے گئے تھے۔ پولیس کے فرضی مشقوں کے تمام تر عوامل کی نگرانی ضلعی پولیس سربراہ واحدمحمود خود کر رہے تھے۔

انہوں نے بہترین مظاہرہ پیش کرنے والے پولیس جوانوں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال، عزت و آبرو کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جبکہ قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ کو برقراررکھنا پولیس فورس کی حلف و وفاداری کا نقطہ نظر ہے۔

جس کے لیے تمام توانائیوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تجربے اور درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبردآزما پولیس فورس امن کی ضامن بن چکی ہے۔ ڈی پی او نے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے منعقدہ فرضی مشقوں میں حاصل کردہ تجربے کو عوام کے بہتر مفاد کے لیے بروئے کار لائیں اور پروفیشنلزم کی بنیاد پر مطلوبہ احداف حاصل کرنے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں تاکہ شرپسند عناصر کو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کا کوئی موقع نہ ملے اور علاقے میں امن و آشتی کی فضا قائم رہے۔

انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز کا بھرپور دفاع یقینی بنانے کے لیے پولیس جوانوں کی عملی مشقوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ تاکہ پیشہ وارانہ تجربات سے بہتر انداز میں روشناس کرکے انکی استعدادی صلاحیتوں کو مزید بڑھایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں