عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان

جمعہ 23 اکتوبر 2020 21:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عارف اللهنے کہا ہے کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے لہذا تمام محکمے اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آج اپنے دفتر کے کانفرنس ہا ل میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران سے تعارفی اجلاس کے موقع پر کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسحاق وزیر ، محکمہ صحت، تعلیم، کھیل، انڈسٹریز، فشریز، ڈبلیو ایس ایس سی، رسکیو 1122، ٹی ایم اوز، لائیو سٹاک، حلال فوڈ اتھارٹی، لوکل گورنمنٹ، فوڈ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پاپولیشن ویلفیئر، سوشل ویلفیئر، آن فارم واٹر منیجمنٹ، ایریگیشن، زراعت و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو محکمانہ کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد افسران سے تعارف تھا۔ تمام محکمے بہتر کام کر رہے ہیں اسلئے وہ نہ صرف مزید بہتر طور پرکام کرتے رہیں بلکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھی تمام کاوشیں بروئے کار لائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکموں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ آٹے میں موجود نمی اور گرائینڈنگ کے عمل کی نگرانی کیلئے بھی ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ لوگوں کو معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سستا بازار کو کامیاب بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنا کردار ادا کریں تاکہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ گرین سٹال کا فوری آغاز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے تدارک کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں بالخصوص محکمہ صحت کا کردار قابل ستائش رہا ہے۔ پناہ گاہوں کی نگرانی میں محکمہ سوشل ویلفیئر کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ یہاں غریب اور نادار افراد کو شیلٹر فراہم کیا جاتا ہے لہذا اس حوالے سے مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام لائن ڈیپارٹمنس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیںاسلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہر ممکن معاونت حاصل رہے گی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں