طلبہ کو بذریعہ ایف ایم ریڈیوز مختلف کلاسوں اور مضامین کے لیکچرز دیئے جائیں گے،شہرام ترکئی

کورناصورتحال کے پیش نظر طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے تمام وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں گے،صوبائی وزیر تعلیم

جمعرات 26 نومبر 2020 20:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ کروناء صورتحال کے پیش نظر طلباء کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے تمام وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کے ایف ایم ریڈیوز پورے صوبے میں معلومات کی رسائی کا اہم ذریعہ ہیں۔

جس کو تعلیی گرمیوں کے لیے استعمال میں لایا جاسکتا ہے طلباء و طالبات کو بذریعہ ایف ایم ریڈیوز مختلف کلاسوں اور مضامین کے لیکچرز دیئے جائیں گے جس میں وہ سوال و جواب کے ذریعے شرکت بھی کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار شہرام خان ترکئی نے آن لائن ایجوکیشن سسٹم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ ارشد خان، سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن ظریف المعانی، ڈائریکٹر پختونخوا ایف ایم ریڈیو پشاور انصار خلجی اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری انفارمیشن ارشد خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پختونخوا ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کے پروگرام پورے صوبے بمع قبائلی اضلاع میں سنے جاتے ہیں پختونخوا ریڈیو کے لیے ڈیجیٹل مواد تیار کر کے طلباء کے لیے مخصوص پروگرام شراکتی بنیادوں پر شروع کیے جا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات ان پروگرامز کے لیے محصوص وقت محکمہ تعلیم کو فراہم کرے گا جو طلباء کے لئے سب سے موزوں ہو۔

شہرام خان ترکئی نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ ایف ایم ریڈیوز پروگرام کیلئے ڈیجیٹل مواد کی تیاری پر فوراً کام شروع کیا جائے تاکہ طلباء کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان پروگرامز کے علاؤہ محکمہ تعلیم، سوشل میڈیا پر بھی تعلیم کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ جبکہ محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ پر بھی آن لائن لیکچرز موجود ہیں جن سے طلباء استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں