خیبرپختونخوا کے طلباء میں تمام امور کے حوالے سے کافی صلاحیت موجود ہے ،کامران بنگش

اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے میں بہترین اعلیٰ تعلیم کی فراہمی، صوبائی حکومت کا مینڈیٹ ہے،معاو ن خصوصی برائے اطلاعات

بدھ 27 جنوری 2021 23:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے میں بہترین اعلیٰ تعلیم کی فراہمی، صوبائی حکومت کا مینڈیٹ ہے اسی حوالے سے محکمہ اعلی تعلیم روز اول سے جدید ٹیکنالوجی سے مزین تعلیمی ماحول، سہولیات و آسانیاں فراہم کرنے میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے طلباء میں تمام امور کے حوالے سے کافی صلاحیت موجود ہے اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے کالجز لیول پر اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے دورہ کے موقع پر اٹھارویں ترمیم کے بعد اعلیٰ تعلیم کا مستقبل اور محکمہ اعلی تعلیم کی جانب سے جاری سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم پیش رفت پر ریمارکس دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ حسن محمود بھی موجود تھے۔ جبکہ معاون خصوصی کامران بنگش نے سینئر مینجمنٹ کورس کا جائزہ لیا اور بریفنگ بھی لی۔معاون خصوصی کامران بنگش نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں ہائیر ایجوکیشن کے انتظامی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق محکمہ ہائیر ایجوکیشن میں بھی اصلاحات نافذ کی گئی ہیں۔

جبکہ خیبرپختونخوا میں میں 30 ایلیٹ کالجز کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے جس سے مستقبل میں یقینی طور پر بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے مزید کہا کہ کالجز میں بی ایس لیول کے طریقہ کار کو مکمل طور پر رائج کر چکے ہیں جبکہ عملے کی کمی پورا کرنے کے لیے بہت جلد میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں