صوبائی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آسانیاں اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے،عبدالکریم

خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں کے لوگ فنی صلاحیت کے ساتھ ساتھ سے زیادہ محنتی بھی ہیں،معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت

جمعرات 4 مارچ 2021 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں کے لوگ فنی صلاحیت کے ساتھ ساتھ سے زیادہ محنتی بھی ہیں،ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے آج پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ صوبے میں معدنیات، تعمیرات، ماربل،سیاحت، توانائی اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے کافی مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت ملکی اور غیر ملکی کاروباری اداروں کے ساتھ ملکر مشترکہ منصوبے اور پائیدار اقتصادی ترقی کوفروغ دینے کے لئے کوشاںہے۔

CPEC کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور معاشرتی ترقی ہے اور اس کی بدولت ملک ، بالخصوص خیبرپختونخوا میں رشکئی اکنامک زون کے باعث خطے میں تجارتی سرگرمیوں کا ایک نیا دور شروع ہو جائے گا اور صوبے میں اسپیشل اکنامک زون سرمایہ کاری کے وسیع اور منافع بخش کاروبار ی مواقعے فراہم کر یں گے۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا ملک میں تجارتی اور معاشی ترقی کادروازہ ہے جس کے ذریعے سنٹرل ایشیاء کے ممالک سے کاروبار کرنے کے سنہری موقعے موجود ہیں۔

حال ہی میں صوبائی حکومت نے صوبے کی نئے صنعتی پالیسی 2020 کی منظوری دی ہے جس کی بدولت سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور صوبے میں سرمایہ کاری اور بند صنعتی یونٹ کو چالو کرنے کے لیے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ صوبے میں معاشی بحالی اور عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے خیبرپختونخوا میں پہلی بار ٹریڈ اینڈ کامرس حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور اسکے ساتھ ساتھ صوبے میں سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کاقیام بھی عمل میں لایا گیا اور اس کے علاوہ کوالٹی اور پالیسی سازی کے عمل میں بہتری لانے کے لئے ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ سیل بھی قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، خیبرپختونخوا کو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے قابل عمل سرمایہ کاری اور تجارتی مرکز بنانے کے لئے صوبائی حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ کاروبار میں آسانی کو یقینی بنائیں اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے جبکہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

آخر میں صوبائی حکومت کی طرف سے تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ صوبے میں بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ کو سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں