معاون خصوصی مواصلات و تعمیرات کا پشاور میں مختلف زیر تعمیر سڑکوں اور پلوں کا معائنہ

سر دریاب پل پر کام ایمرجنسی بنیادوں پر تیز کیا جائے،ریاض خان کی ہدایت

منگل 21 ستمبر 2021 22:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے صوبائی وزیر قانون فضل شکور اور ممبر صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد کے ہمراہ پشاور میں زیر تعمیر اور مکمل شدہ سڑکوں کے دورے کئے ان سڑکوں میں چارسدہ روڈ پر رنگ روڈ فلائی اوورتا شاہ عالم پل روڈ، شاہ عالم پل تا سردریاب روڈ اور سردریاب پل شامل ہیں۔

اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی، ڈائریکٹر کنسٹرکشن، چیف انجینئر میگا پراجیکٹ سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی مو جود تھے۔ معاون خصوصی ریاض خان نے اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ چارسدہ روڈ تاشاہ عالم پل روڈ میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ورنہ سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے قریبی رہائشیوں کو نکاسی کا کسی قسم کا مسئلہ بھی نہیں ہونا چاہیے۔

معاون خصوصی نے شاہ عالم پل تا سردریاب روڈ جو ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے تعاون سے زیر تعمیر ہے کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ سردریاب پل کا معائنہ کرتے ہوئے معاون خصوصی ریاض خان کا کہنا تھا کہ پل کو ایمرجنسی بنیادوں پر جلد اور مضبوط تعمیر کیا جائے تاکہ یہاں کے لوگوں کا ترجیہی بنیادوں پر مسئلہ حل ہو۔ معاون خصوصی نے خیالی پل چارسدہ کا دورہ بھی کیا اور کہا کہ پل کی منظوری ہو چکی ہے اس پر بھی بہت جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں