واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور کے 7ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل

جمعہ 26 اپریل 2024 18:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے 7 ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا گیا ۔مزید 87 ٹیوب ویلوں میں خود کار طریقے سے چلانے کا نظام سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن (سکیڈا) بھی نصب کیا گیا ہے۔ جو ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کئے گئے ہیں ان میں بہادر کلے، گلے بابا، آڈٹ کالونی، سرفراز کالونی، شہید آباد نمبر 2، سرائے کریم بخش، ریگی للمہ اور گڑھی محمد گل شامل ہیں،شمسی توانائی کے استعمال سے 7 ویں ٹیوب ویلوں کے بجلی بلوں میں سالانہ 80لاکھ روپے سے زائد بچت ہوگی جبکہ سکیڈا کی تنصیب سے پانی کا ضیاع کنٹرول ہوگا اور صارفین کو بروقت پینے کا پانی دستیاب ہوگا۔

پراجیکٹ اسلامک ریلیف پاکستان کے مالی تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب میں اسلامک ریلیف کے نمائندے نے ٹیوب ویلز باضابطہ طورچیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر کے حوالے کئے۔اس موقع پر جنرل منیجر پی ایم ای آر سید ضمیر الحسن،اسلامک ریلیف کے ایمرجنسی رسپانس کوآرڈی نیٹر فرہاد علی، سینئر پراجیکٹ آفیسر صادق امین،پراجیکٹ آفیسر سرمد رشید، پراجیکٹ انجینئر غلام محمد، انجینئر فرید احمد، کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفیسر شہیر الغائث رانا، ارم جلیل ڈبلیو ایس ایس پی اور اسلامک کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔

شمسی توانائی پراجیکٹ پر 35 ملین اور سکیڈا پر 15 روپے اخراجات آئے ہیں۔ اسلامک ریلیف نے ڈبلیو ایس ایس پی کے جی آئی ایس ڈیش بورڈ کی اپ گریڈیشن بھی کی ہے۔ چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر حسن ناصر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے خدمات میں بہتری لا رہے ہیں، اخراجات میں کمی لانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، شمسی توانائی کے استعمال سے بچت ہوگی جبکہ صارفین کو پانی بھی دستیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامک ریلیف کا پراجیکٹ ڈبلیو ایس ایس پی پر اعتماد کا اظہار ہے، امید ہے دیگر ادارے بھی عوام کو شہری خدمات کی فراہمی میں تعاون کریں گے۔ جی ایم پی ای آر سید ضمیر الحسن نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے، پانی کا بے تحاشا استعمال اور ضیاع بڑے چیلنج ہیں جن سے نمٹنے کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں، سکیڈا کی تنصیب سے ٹیوب ویلز خود کار طریقے سے چالو اور بند ہوں گے جس سے نہ صرف بروقت پانی دستیاب ہوگا بلکہ عوامی شکایات کا بھی ازالہ ہوگاجبکہ سکیڈا سے بجلی بلوں میں کمی آئے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں