وزیرصحت سید قاسم علی شاہ نے بچے کو پولیو کے قطرے پلاکر صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا

جمعہ 26 اپریل 2024 23:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے جمعہ کے روز پولیس سروسز ہسپتال پشاور میں بچے کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلاکر انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ اور ای او سی کوآرڈینیٹر عبدالباسط، پروگرام منیجر یونیسف وسام حازم، ٹیم لیڈر این سٹاف ڈاکٹر حفیظ ٹیکنیکل فوکل پرسن پی ای آئی ڈاکٹر امتیاز علی شاہ، کمیونیکیشن آفیسر یونیسف شاداب یونس اور ای او سی کے دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گُفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت نے بتایا کہ عوام کو ساتھ لیکر چلنا ہے، علماء، علاقے کے معززین، سیاسی رہنمائوں اور پیڈیاٹریشنز کو انسداد پولیو مہم کا حصہ بنایا گیا ہے،صوبے کے مخصوص اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں۔

(جاری ہے)

29اپریل سے شروع ہونے والے دو مرحلوں پر مشتمل انسداد پولیو کی اس مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 44لاکھ 23ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو،ْ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اس پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے پہلے مرحلے میں صوبہ کے 13مکمل اضلاع بشمول پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرم، خیبر، باجوڑ، دیر اپر، بنوں، لکی مروت، ٹانک، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر میں بحیثیت مجموعی 28لاکھ 34ہزار306بچوں کو پولیو سے بچاو،ْ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ مہم کے اس مرحلے کے دوران ضلع نوشہرہ، صوابی، بونیر، مالاکنڈ، چترال اپر، ہری پور، مانسہرہ اور ضلع مہمند میں واقع افغان مہاجر کیمپوں اور پاک افغان سرحد پر واقع مخصوص یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر78ہزار 198بچوں کو پولیو سے بچاو،ْکے قطرے پلائے جائیں گے۔

2مئی سی6مئی تک انسداد پولیو مہم کے دوسرے مرحلے میں پانچ اضلاع بشمول ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ، مردان، لوئر چترال اور لوئر دیر میں 15لاکھ 11ہزار325بچوں کو پولیو سے بچاو،ْ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو کی اس مہم کیلئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 21 ہزار38ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 18ہزار 926 موبائل ٹیمیں، 1,092فکسڈٹیمیں، 920 ٹرانزٹ اور 100رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔ ان ٹیموں کی موثر نگرانی کیلئے 3,969ایریا انچارجز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔اس پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی موثر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تقریبا32ہزار 700 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں