قانون کی حکمرانی اور انصاف پر مبنی نظام کے قیام میں وکلاء کا اہم کردار ہے، گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی

بدھ 22 مئی 2024 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی سے صدر پیپلزلائرز فورم نیازمحمد ایڈوکیٹ کی سربراہی میں واڑی ضلع دیر بالاسے پیپلز لائرزفورم کے ایک نمائندہ وفد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ وفد کے شرکاء نے فیصل کریم کنڈی کو گورنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور آئینی ذمہ داریوں کے احسن طریقے سے سرانجام دینے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔

انہو ں نے وکلاء کو درپیش بعض مسائل سے بھی گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنر نے مبارکباد کیلئے گورنر ہاؤس تشریف لانے پر وفد کے شرکاء کا شکریہ ادا کیااوروکلاء کودرپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ قانون کی حکمرانی اور انصاف پر مبنی نظام کے قیام میں وکلاء کا اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

وکلاء نے ہمیشہ ملکی استحکام اور جمہوریت کے فروغ کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

علاوہ ازیں گورنر سے باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین، شہید بینظیربھٹو وویمن یونیورسٹی پشاور کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد، وائس چانسلر سوات یونیورسٹی ڈاکٹر حسن شیر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ملاکنڈ پروفیسر ڈاکٹر رشید احمد،وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرشکیب اللہ، وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹرملک مجددالدین الرحمٰن اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج تیمرگرہ کے پروفیسر ڈاکٹر سعیداللہ نے بھی گورنر سے گورنرہائوس پشاور میں الگ الگ ملاقاتیں کیں اور گورنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارکباد دی۔

وائس چانسلرز نے اپنے اپنے تعلیمی اداروں کی مجموعی تعلیمی و انتظامی امور اورکارکردگی سے بھی گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنرنے اس موقع پر وائس چانسلرز کو ہدایت کی کہ وہ جامعات میں جدید دور کے مطابق ریسرچ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ہماری نوجوان نسل تعلیمی میدان میں اقوام عالم کا مقابلہ کرسکیں اور ملک کی ترقی وخوشحالی میں بہتر انداز سے اپنا کردار ادا کرسکے۔

دریں اثناء گورنر سے چیئرمین انجمن ہلال احمر بندوبستی اضلاع حبیب اورکزئی نے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی اور گورنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی،گلدستہ اور شیلڈ پیش کیں۔ انہوں نے ادارے کے اغراض ومقاصد اور کارکردگی سے متعلق بھی گورنر کو آگاہ کیا۔گورنر نے کہاکہ قدرتی آفات میں انسانیت کی خدمت کرنا ادارے کامقصد ہے،ادارے کے استعداد کار میں مزید اضافہ کیاجائیگا۔

گورنرنے چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ انسانی خدمت میں مصروف عمل عالمی اداروں سے بھی قریبی رابطہ رکھیں۔ اس کے علاوہ سابق صوبائی وزیر انجینئر احمدجان اور سابق معاون خصوصی ظفراللہ خان، پیر حسن حسیب الرحمن، مجید خان شادی خیل، کامران اور سہیل، مرتضیٰ علی آدم اورذوالفقارعلی آدم نے بھی گورنر سے الگ الگ ملاقات کی اور صوبے کی آئینی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں