آئینی حقوق تحفظ ‘ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ‘ سکندر شیرپائو

کسی کو صوبہ کے حقوق غصب کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی‘ صوبائی چیئرمین کیو ڈبلیو پی

بدھ 22 مئی 2024 21:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہاہے کہ قومی وطن پارٹی صوبے کے آئینی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور اس ضمن میں کسی کو صوبہ کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں یونین کونسل کوز بہرام ڈھیری کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکندر شیرپائو نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے آئینی حقوق کے حصول کیلئے عملی کردار ادا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ وفاقی حکومت بھی صوبہ کے مسائل و مشکلات اور پسماندگی کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ گزشتہ دو دہائیوں سے نامساعد حالات کا شکار ہے لہٰذا وفاقی حکومت صوبہ کی مشکلات کو مد نظر رکھ کر صوبائی خود مختاری پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے سمیت یہاں پر پائی جانے والی ماسیوں اور محرومیوں کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے صوبہ میں جاری بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پربھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ خیبرپختونخواہ سب سے زیادہ بجلی پیدا کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے صوبے میں بد ترین لوڈشیڈنگ یہاں کے عوام سے ناانصافی ہے۔ا نھوں نے کہا کہ بجلی صوبے کی پیداوار ہونے کے باوجود عوام اس سے محروم ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو نہ صرف بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے بلکہ آئے روز اس کی قیمتوں میں بھی غیر منصفانہ اضافہ کیا جا رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کے مسائل کے خاتمے اور ان کی مفادات کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد کی جائے گی اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں