بلدیاتی نمائندوں کے مسائل و مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے،فیصل کریم کنڈی

صوبائی حکومت کی طرح دھمکیوں سے کام نہیں لیں گے ،مقدمہ تیار کرکے متعلقہ فورم پر اٹھائیں گے،اجتماعی کوششوں سے ہی ترقی کے منازل طے کرسکتے ہیں، تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، گورنر خیبرپختونخوا

جمعہ 24 مئی 2024 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2024ء) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ بلدیاتی نمائندوں کے مسائل و مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، صوبے میں بلدیاتی نظام، منتخب بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مسائل و مشکلات سمیت صوبے کے حقوق اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے وفاق کے درکار تعاون پر صدر اور وزیراعظم سے بات کی جائیگی، یقینابلدیاتی اداروں کو سنجیدہ مشکلات کا سامناہے، بلدیاتی نمائندوں کی احساس محرومیوں کا خاتمہ کیاجائیگا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روزگورنرہاوس پشاورمیں عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما وسابق رکن صوبائی اسمبلی ثمرہارون بلور کی سربراہی میں پشاور تحصیل کے این سی چیئرمینز ودیگربلدیاتی نمائندوں پر مشتمل 35 رکنی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سابق رکن صوبائی اسمبلی یاسین خلیل اور پی کے 72 سے عوامی نیشنل پارٹی کے سابق امیدوار ارباب اللہ یار خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفد کے شرکاء نے گورنر کامنصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ وفد کے شرکاء نے گورنر کو بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات و فنڈزکی عدم منتقلی اوردفاترسمیت دیگر مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیاکہ بلدیاتی نمائندوں کے مسائل ومشکلات کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ گورنرنے وفدکو مسائل ومشکلات کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

گورنرنے کہاکہ حلف لینے کے بعدہی اعلان کیا تھا کہ گورنر ہاؤس کوعوامی بناؤں گا،صوبے کے عوام کیلئے گورنرہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔ بلدیاتی نمائندوں کا نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی اقدامات میں اہم کردار ہوتا ہے، بدقسمتی سے صوبہ میں بلدیاتی نظام کو مفلوج کر دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی طرح دھمکیوں سے کام نہیں لیں گے بلکہ مقدمہ تیار کرکے متعلقہ فورم پر اٹھائیں گے۔ آئین اورقانون کی پاسداری کریں گے اورصوبے کی تعمیر وترقی، پائیدار امن کے قیام کیلئے تمام سیاسی و سماجی حلقوں اور ھر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو بحیثیت صوبے کا شہری ہونے کے ناطے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اجتماعی کوششوں سے ہی ترقی کے منازل طے کرسکتے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں