جونیئر نیشنل سکواش چیمپئن شپ پشاور کے پی اے ایف ہاشم خان سکواش کمپلیکس میں شروع ہوگئی

پیر 18 فروری 2019 19:05

جونیئر نیشنل سکواش چیمپئن شپ پشاور کے پی اے ایف ہاشم خان سکواش کمپلیکس میں شروع ہوگئی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) جونیئر نیشنل سکواش چیمپئن شپ پشاور کے پی اے ایف ہاشم خان سکواش کمپلیکس میں شروع ہوگئی،صوبائی سیکرٹری ایری گیشن دائود خان نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کا افتتاح کیا ان کے ہمراہ سابق برٹش چیمپئن اور صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان ‘پی اے ایف سکواش اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اطلس خان ان کے معاونین کوچز اور دیگر شخصیات موجود تھیں‘چیمپئن شپ میں بوائز انڈر15 ‘گرلز انڈر15 اور انڈر19 کے ایونٹس منعقد کئے جارہے ہیں جس کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اس سلسلے میں صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور صوبائی سیکرٹری ایری گیشن دائود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جائیں اپنی مدد آپ کے تحت کوششوں میں مصروف ہیں ‘انہوں نے بتایا کہ ان مقابلوں کے لئے ایک لاکھ روپے انعامی رقم بھی رکھی گئی ہے ‘چیمپئن شپ میں سو سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں‘ اختتامی تقریب کے موقع پر ڈی جی سپورٹس جنید خان مہمان خصوصی ہوں گے ‘ اس موقع پر اپنے خطاب میں سکواش لیجنڈ قمرزمان نے بتایا کہ مقابلوں کے انعقاد کا مقصد جونیئر کھلاڑیوں کو آنے والے مقابلوں کے لئے تیار کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہمارے کھلاڑی تیزی سے آگے جارہے ہیں خاص طور پر جونیئر کھلاڑیوں پر فوکس رکھا گیا ہے اور وہ اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے انہوں نے خیبر پختونخوا سپورٹس بورڈ کے ڈی جی جنید خان کی کاوشوں کو سراہا جن کی ذاتی دلچسپی سے سکواش اور دیگر کھیلوں کو فروغ حاصل ہوا ہے ‘انہوں نے پاکستان سکواش فیڈریشن اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جو سکواش کے فروغ و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی سکواش کے فروغ و ترقی کیلئے بھرپور کام جاری رکھیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں