بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے،مناسب حکمت عملی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، سعید احمد ہاشمی

اتوار 18 نومبر 2018 01:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بلا شبہ بلوچستان کے مسائل زیادہ ہیں ۔تاہم وسائل کو صحیح معنوں میں بروئے کار لاکر مسائل سے بتدریج نمٹا جا سکتا ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ اس کی قیادت بلوچستان کو درپیش تمام مسائل کے حل کا واضح ویژن رکھتی ہے اور اچھی طرز حکمرانی کے ذریعے عوام کو ان دیرینہ مسائل سے نکالنے میں کامیاب رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تنظیمی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو نے بھی خطاب کیا۔ سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے ۔تاہم مناسب حکمت عملی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث یہاں کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم پسماندگی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ماضی میں سیاسی لیڈر شپ کی مجرمانہ غفلت کے باعث عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

(جاری ہے)

نتیجتاً ماضی کے چھوٹے مسائل آج پہاڑ بن کر ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کی قلت سنگین صورتحال اختیار کررہی ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی کوشش ہوگی کہ دستیاب وسائل اجتماعی منصوبوں کے لئے خرچ لئے جائیں جن کے ثمرات سے زیادہ سے زیادہ لوگ استفادہ کرسکیں۔

سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان میں وسائل کے غلط و غیر ضروری استعمال کی روایت کی حوصلہ شکنی کریں گے اور بلوچستان کے وسائل کو عوام کے معیار زندگی بلند کرنے اور صوبے کی حقیقی ترقی اور محرمیوں کیاازالہ کے لیے خرچ کو یقینی بنائیں گے۔تعلیم صحت روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔بہتر حکمت عملی اور مخلص سوچ و وژن کے ذریعے بلوچستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریںگے۔ اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری میر محمد اسماعیل لہڑی، سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری شبیر احمد، ساجد جسکانی ،ملک سادہ گل کاکڑ، فتح جمالی ،ساحر اعوان، محب اللہ ترین،ملک شفیق کاکڑ اور امان اللہ کاکڑ بھی موجود تھے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں