آئندہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی کے لئے اپنے علاقوں کی ترقی کے لئے منصوبے تجویز کئے جائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعہ 24 مئی 2019 23:18

آئندہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی کے لئے اپنے علاقوں کی ترقی کے لئے منصوبے تجویز کئے جائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ انجینئرز سمیت معاشرے کے تمام حلقے اور عام شہری اپنے حلقے کے عوامی نمائندوں اور محکموں سے رابطہ کرکے آئندہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی کے لئے اپنے اپنے علاقوں کی ترقی کے لئے منصوبے تجویز کریں، ان کی رائے کو اہمیت دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انجینئرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جس نے ایسوسی ایشن کے صدر عادل نصیر کی قیادت میں جمعہ کے روز ملاقات کی، صوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی، پارلیمانی سیکریٹری بشریٰ رند اور میرسکندر علی عمرانی، سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین بی ڈی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے آئندہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی کو قواعد وضوابط کے مطابق تیار کرنے کا آغاز کیا ہے، جب تک پی ایس ڈی پی محدود تھی، انجینئروں، افسران اور محکموں سے کام نہیں لیا جارہا تھا، تاہم اب مختلف محکموں کے انجینئرز پی سی ون اور ترقیاتی اسکیموں کی تیاری کے دیگر مراحل میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں جو صوبے کے لئے نہایت خوش آئند امر ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انجینئرز ترقیاتی اسکیموں کی تیاری، ٹینڈرنگ عمل اور ان پر عملدرآمد میں کسی قسم کا دباؤ خاطر میں نہ لائیں اور نہ ہی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر معیاری تکمیل میں کسی قسم کا سمجھوتہ کیا جائے، اس موقع پر انجینئرز کے وفد نے پی ایس ڈی کی تیاری اور ترقیاتی عمل کے حوالے سے وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی امور میں ماضی کی نسبت بہت زیادہ بہتری آئی ہے اور اب محکموں کے انجینئرز پر کسی قسم کا دباؤنہیں اورانہیں آزادانہ طور پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع مل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مختلف محکموں میں انجینئرز کی خالی اسامیوں پر پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ بھرتی کے عمل کے فوری آغاز، انجینئرز کے ٹیکنیکل الاؤنس کی ادائیگی اور ان کے سروس اسٹریکچرز کا ازسرنو جائزہ لے کر اسے بہتر بنانے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے انجینئرز اور دیگر شعبوں کے پروفیشنلز کی کیپسٹی بلڈنگ کے پروگرام آئندہ سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں