مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر احتجاجی ریلی

جمعہ 27 اکتوبر 2023 19:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2023ء) ڈپٹی کمشنر اوستامحمد ،محمدحسین کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ ریلی میں تمام محکموں کے سربراہان ، ان کے نمائندگان ، سیاسی ، سماجی اور سول سوسائٹی سمیت دیگر طلبائ شریک تھے ۔ احتجاجی ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم کے خلاف نعرے درج تھے ۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ 27اکتوبر 1947 کا دن سیاہ دن تھا جب بھارت نے اپنی فوجیں کشمیر میں اتارکر غیر قانونی قبضہ کرلیا جو تا حال قائم ہے مگر کشمیری عوام نے بھارت کے قبضے کو کبھی بھی قبول نہیں کیا بلکہ ہزاروں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کرکے ظالم اور جابر افواج کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا ، ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ بھارتی افواج اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو روندتی چلی آرہی ہے، اس دن کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا دور شروع ہوا کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے ہی یکسر محروم کردیا گیا ہے مگر بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے۔ اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے مسلے کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کروائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں